ع* گذشتہ2ماہ سے پورٹ پر پھنسے ہوئے لکڑی کیخام مال کے کنٹینرز کلیئر نہیں ہورہے

ق* احتجاجاً ٹمبر مارکیٹ بند کی گئی ،کل لاہور کے پلانٹ پروٹیکشن آفس اور کراچی میں پلانٹ پروٹیکشن کے آفس پر دھرنا دیا جائے گا،آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور کراچی ٹمبر مرچنٹس کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 16 مئی 2024 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2024ء) آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرجیل گوپلانی نے کہا ہے کہ گذشتہ2ماہ سے پورٹ پر پھنسے ہوئے لکڑی کیخام مال کے کنٹینرز کلیئر نہیں ہورہے جس پر احتجاجاً ٹمبر مارکیٹ بند کی گئی ،کل لاہور کے پلانٹ پروٹیکشن آفس اور کراچی میں پلانٹ پروٹیکشن کے آفس پر دھرنا دیا جائے گا۔ شرجیل گوپلانی نے کہا کہ پلانٹ اینڈ پروٹیکشن کا ادارہ ڈیڑھ سال سے تاجروں کو پریشان کررہا ہے، قانونی کام کیدرمیان حکومتی ادارے رکاوٹیں ڈال رہے ہیں،جب تک احتجاج نہیں کریں شنوائی نہیں ہوتی لیکن افسوس کہ اب تو روڈ پر نکل کر بھی مسائل حل نہیں ہورہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹمبر کے تاجر سینکٹروں سال سے کام کررہے ہیں، ٹمبر کی امپورٹ کیلئے امپورٹ پرمٹ کی شرط رکھ دی گئی حالانکہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اس شرط کو ختم کردیا تھا لیکن بیوروکریسی نے دوبارہ یہ شرط ہم پر لاگو کردی۔

(جاری ہے)

شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہماری کینیڈا یا لندن میں جائیدادیں نہیں ہیں،امریکا کینیڈا، یورپ سے لکڑی امپورٹ ہوتی ہے،ہم نے ملک کے مفاد میں اس شرط کو تسلیم کیا تھا لیکن ریلیز آرڈر پر ہمارے کنٹینرز کو روکا جارہا ہے جس سے ملک میں کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ پر پھنسے ہوئے کنٹینرز کو ریلیز کیا جائے ، ہمیں مسائل کے حل کیلئے ہمیں لولی پاپ دیا جارہا ہے لیکن ہم رشوت دے کر غلط کام نہیں کریں گے، اب حکومت بتادے کہ کاروبار کرنے دینا ہے یا نہیں، ہم اس سسٹم سے تنگ آچکے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف خدارا تاجروں پر رحم کریں،ہم تھک گئے ہیں۔ شرجیل گوپلانی نے مزید کہا کہ ہم ٹیکس دیتے ہیں ہمارا کیا قصور ہے اس کے باوجود ایک 17 گریڈ کا افسر ہماری بے عزتی کرتا ہے ، ہم نے لکڑی امپورٹ کرکے جنگلات کو بچایا،ہماعی ملک کی مٹی اور یہ ملک مقدس ہے لیکن اس ملک میں کاروبار کرنا مشکل کردیا گیا ہے ،ہمارے لیے اس ملک کی زمین تنگ کردی گئی ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ چوبیس گھٹنے میں کنٹینرز کو ریلیز کیا جائے ورنہ ہمارا احتجاج قومی اسمبلی تک جائے گاجبکہ جمعہ کی نماز کے بعد نیشنل ہائی وے پر بند دھرنا دیں گے اوراحتجاج کا دائرہ پورے ملک میں وسیع کریں گے۔

#