بیروزگار نوجوانوں کو جدید سکلز کی تربیت وقت کی اشد ضرورت ہے، صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز

جمعرات 16 مئی 2024 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اور بورڈز محمد علی ملکانی کی سربراہی میں بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا تعارفی اجلاس بورڈ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بورڈ کی چیئرپرسن صدف انیس،سیکرٹری ریاض سومرو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

بورڈ کی چیئرپرسن صدف انیس نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام کا بنیادی مقصد صوبہ سندھ کے بیروزگار نوجوانوں کو مختلف تکنیکی سکلز و تربیت فراہم کرکے صوبے میں غربت کے خاتمے اور سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے، ان مقاصد کے حصول کے لئے صوبے میں سرکاری و غیر سرکاری شعبے کو درکار ہیومن ریسورس کی فراہمی کو تربیت یافتہ یوتھ کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

صدف انیس نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ہیومن ریسورس بورڈ کے تحت 09-2008ء سے 2024ء تک کل 5لاکھ 25ہزاربیروزگار نوجوانوں کو مختلف سکلز کی تربیت دی گئی۔بورڈ کے توسط سے ہر سال لگ بھگ 40 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف سیکٹرز میں تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ہیومن ریسورس بورڈ نے گذشتہ برس 36364 بیروزگار نوجوانوں کو مختلف سرکاری و غیرسرکاری اداروں سے سکلز ڈویلپمنٹ ٹریننگ دلائی جن میں سے 29 فیصد نوجوانوں کو ٹریننگ مکمل ہوتے ہی باعزت روزگار حاصل ہوچکا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ میں معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے جس کا ثبوت صوبے کے لاکھوں نوجوانوں کی سکل ڈویلپمنٹ اور روزگار کی فراہمی ہے۔

انہوں نے بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربیت یافتہ ہیومن ریسورس کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کا کام کرتا ہے اور بیروزگار نوجوانوں کو نت نئے جدید سکلز کی تربیت وقت کی اشد ضرورت ہے۔محمد علی ملکانی نے کہا کہ ہیومن ریسورس بورڈ کو مزید کاوشوں سے مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہارڈ اور سافٹ سکلز کی ٹریننگز کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ کو سرکاری و نجی شعبے بالخصوص آئی ٹی سے شراکت داری بڑھاتے ہوئے نوجوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر لاتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس،روبوٹکس،مشین لرننگ اور ڈیٹا سائنس کی ٹریننگز کا بھی انتظام کرنا چاہیے تاکہ ہمارے نوجوان بین الاقوامی سطح پر بھی کامیابی کے ساتھ روزگار حاصل کرسکیں۔انہوں نے بورڈ کو درپیش چیلنجز کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگز کے حوالے سے مارکیٹ میں تربیتی ہیومن ریسورس کے فقدان کے بابت بنیادی سروے کروانے سے بورڈ کو اپنی پالیسی مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔