پچ کنڈیشنز کے حساب سے اوپننگ جوڑی سلیکٹ کی جائے ، شعیب ملک کی مینجمنٹ کو تجویز

اگر ہائی سکورنگ گیم ہوئے تو صائم کو ہی اوپننگ کرنی چاہیئے، اگر 160,170 رنز بن رہے ہوں تو بابر اور رضوان کی جوڑی کا اننگز شروع کرنا بہتر ہوگا : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 مئی 2024 15:01

پچ کنڈیشنز کے حساب سے اوپننگ جوڑی سلیکٹ کی جائے ، شعیب ملک کی مینجمنٹ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2024ء ) پاکستان کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں مینز ان گرین کی اوپننگ جوڑی پر جاری بحث پر کھل کر بات کی۔ پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں صائم ایوب اور محمد رضوان کے ساتھ کھیلا جبکہ کپتان بابر اعظم نمبر 3 پر کھیلے۔ رضوان نے دو نصف سنچریاں بنائیں جبکہ صائم ایوب نے سب سے زیادہ 45 رنز بنائے۔

صائم ایوب کی فارم کے حوالے سے خدشات ہیں کیونکہ ابھرتے ہوئے بلے باز نے ابھی تک ٹی ٹونٹی میں نصف سنچری سکور نہیں کی ہے، بہت سے ناقدین نے بابر اور رضوان کی کامیاب اوپننگ جوڑی واپس لانیکا مشورہ دیا ہے۔ دریں اثناء سابق کپتان نے نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے مقام پر صحافیوں کے گروپ سے بات کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم کو کس کمبی نیشن کے ساتھ اوپننگ کرنی چا چاہیے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے کہا کہ "دیکھیں، صائم ایوب اس قسم کے کھلاڑی ہیں جو ہائی رسک گیم کھیلتے ہیں۔ کوئی بھی بلے باز جو زیادہ خطرے کے ساتھ کھیلتا ہے، اس کے مستقل کارکردگی کے امکانات کم ہوتے ہیں لیکن اس میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہوتا ہے۔ آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ اگر ہائی اسکورنگ میچ ہو رہے ہیں تو آپ کو صائم ایوب کے ساتھ اوپن کرنا پڑے گا۔‘‘ تاہم انہوں نے میچ کنڈیشنز کے مطابق ٹیم کو ڈھالنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ایسے حالات میں جہاں میچ زیادہ اسکورنگ نہیں کرتے اور اسکور 160-170 کے آس پاس ہوتے ہیں ،شعیب ملک نے مشورہ دیا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان بطور اوپنرز قابل عمل آپشن ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "لیکن اگر ہائی اسکورنگ گیمز نہیں ہو رہی ہیں تو یہ کنڈیشنز پر منحصر ہے، اگر یہ 160،170 کے میچز دوبارہ ہوتے ہیں تو میرے خیال میں بابر اور رضوان کو اوپن کرنا چاہیے"۔ پاکستان کا ورلڈ کپ کا سفر ڈیلاس میں شروع ہو رہا ہے جہاں وہ 6 جون کو شریک میزبان امریکہ سے مقابلہ کرے گا جس کے بعد 9 جون کو بھارت اور 12 جون کو کینیڈا کے خلاف میچ نیویارک میں ہوں گے۔ ان کا آخری لیگ میچ آئرلینڈ کے خلاف 16 جون کو فلوریڈا میں ہونا ہے۔