یونیورسٹی آف پشاور میں ارتھ سائنس پاکستان کانفرنس 2024 کا انعقاد 2 جون سے ہوگا

جمعہ 17 مئی 2024 18:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس ان جیولوجی یونیورسٹی آف پشاور کی کانفرنس ارتھ سائنس پاکستان 2024 کا انعقاد 2 جون سے سمر کیمپ باڑہ گلی میں ہوگا ۔ نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان جیالوجی گزشتہ دو دہائیوں سے باڑہ گلی سمر کیمپس میں ارتھ سائنس کے شعبے میں بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کر رہا ہے۔ اس سے قبل، نیشنل سینٹر نے 2010، 2012، 2014، 2016، 2018 اور 2022 میں ارتھ سائنس پاکستان کا اہتمام کیا تھا جس میں پاکستان میں ارتھ سائنس سے متعلق اہم چیلنجز پر توجہ دی گئی تھی ۔

ارتھ سائنسز پاکستان 2024 قومی اور بین الاقوامی سائنسدانوں کو زمین اور ماحولیاتی سائنس کے مختلف شعبوں میں اپنی تحقیق کو پیش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس دوران برسٹل یونیورسٹی (یو کے)، ہمالین یونیورسٹی کنسورشیم (آئی سی آئی ایم او ڈی، نیپال) اور لاہور یونیورسٹی مینجمنٹ سائنسز کے اشتراک سے، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے سٹیک ہولڈرز کے لیے ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں موسمیاتی خطرات اور اہم انفراسٹرکچر کے لیے ممکن خطرات جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز ہو گی۔

اس سیشن میں بالخصوص معدنی وسائل، توانائی و پیٹرولیم کے وسائل، ساختی ارضیات، اپلائیڈ جیو فزکس، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سمیت کئی شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ ارتھ سائنس پاکستان 2024 میں ہالینڈ، سعودی عرب، ملائیشیا، چین اور نیپال کے بین الاقوامی سائنسدان بھی شرکت کریں گے اور اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ نیشنل سینٹر کے اس کانفرنس کو ہائر ایجوکیشن کمیشن ، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن،سائل اینڈ واٹر کنزرویشن ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، پاکستان سائنٹفک اینڈ ٹیکنالوجیکل انفارمیشن سینٹر ، اسلامی تعاون کی تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے سپانسر کیا ہے۔

کانفرنس میں پاکستان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ تحقیقی اور علمی رابطے استوار کیے جائیں گے۔ ارتھ سائنس پاکستان 2024 کی مزید اپ ڈیٹس نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان جیالوجی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں ۔ـ