حکومت کے اقدامات سے عوام بہت جلد خوشحال ہوں گے‘حمزہ شہباز

سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے پارٹی رہنما طارق مسیح گل کی ملاقات ، اہم امور پر گفتگو

ہفتہ 18 مئی 2024 23:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے پارٹی رہنما و سابق پارلیمانی سیکرٹری طارق مسیح گل نے 180ایچ ماڈل ٹائون میں ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر میاں حمزہ شہباز نے طارق مسیح گل کی پارٹی کے لئے خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور مزید کہا کہ عوامی مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کا طرہ امتیاز رہا ہے ، آئندہ بھی وفاق اور پنجاب میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک کوششوں اور پالیسیوں سے ملک میں مہنگائی کا خاتمہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو اس نہج تک پہنچانے ، دفاعی اداروں پر حملے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈوں کو پورا کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں ، اب عوام (ن) لیگ کی حکومت کے اقدامات سے بہت جلد خوشحال ہوں گے۔ اس موقع پر طارق مسیح گل نے حمزہ شہباز کو مسیحی برادری کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ حمزہ شہباز نے طارق مسیح گل کو مسیحی برادری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور انکی عوامی خدمات کو سراہا ۔