کپاس کی کاشت کاچیلنجنگ ٹاسک مکمل کرنے کیلئے تمام افسران بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں،سیکرٹری زراعت

ہفتہ 18 مئی 2024 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کی فصل بارے ڈویژنل جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کپاس کی کاشت کے سلسلہ میں جاری فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کو کپاس کی کاشت و پیداوار میں نمایاں مقام حاصل ہے۔

امسال بہاولپور ڈویژن میں 18لاکھ69ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ بہاولپور ڈویژن کا صوبہ میں کپاس کی کاشت اور پیداوار کا قریبا ً50فیصد حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کی ڈیجیٹل مانٹیرنگ شروع کر دی گئی ہے۔کپاس کی کاشت کے اعداد شمار درست پیش کیے جائیں۔غلط اعداد وشمارکی رپورٹ کرنے والے افسران وعملہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کیلئے عملہ کی کمی پوری کرنے کے لیے ریٹائرڈ فیلڈ اسسٹنٹس کو 90دنوں کے کنٹریکٹ پر رکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت کا ہدف ایک چیلنجنگ ٹاسک ہے۔کپاس کی کاشت اور پیداوار کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ملکی معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے کپاس کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

کپاس کی ویلیو ایڈیشن ومقامی انڈسٹری کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو عملی کردار ادا کر نا ہو گا۔اپٹما کو کپاس کی بحالی کے لیے عملی کردار ادا کرنا چائیے۔پرائیویٹ سیکٹر خصوصا پیسٹی سائیڈز انڈسٹری کا مستقبل بھی کپاس کی بحالی سے وابسطہ ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ نہری پانی کی دسیتیابی بارے محکمہ انہار سے روابط مضبوط کئے جائیں۔

کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی کے سلسلہ میں بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔گرمی کی موجودہ شدید لہر کے دوران کپاس کی بوائی و دیکھ بھال بارے بھی کاشتکاروں کوزیادہ رہنمائی فراہم کی جائے۔پرائیویٹ سیکٹر کی کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی معاونت بہت اچھا اقدام ہے۔31مئی تک کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے۔

کپاس کی کاشت ودیگر پیداواری مسائل میں درپیش انتظامی امور سے متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بروقت آگاہ کیا جائے۔کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کیلئے تحصیل کی سطح پر سہولت سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کی بوائی سے چنائی تک تمام مراحل پر فنی رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے فیلڈ فارمیشنز کو بھرپور سپورٹ کیا جائے گا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلابی سنڈی کپاس کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے جس کی سخت مانیٹرنگ اور بروقت تدارک ضروری ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر احمد جپہ، ڈائریکٹر جنرل زراعت بیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبدالحمید اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل سمیت بہاولنگر اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرزنے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :