سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقات

امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک معاہدوں کے حتمی مسودوں کا جائزہ لیا، جو تکمیل کے مراحل میں ہیں ان معاہدوں کو ریاض کی جانب سے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے واشنگٹن کی کوششوں کا حصہ سمجھا جارہا ہے .رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 19 مئی 2024 15:27

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان ..
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مئی۔2024 ) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک معاہدوں کے حتمی مسودوں کا جائزہ لیا گیا امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کی ملاقات سعودی عرب کے مشرقی شہر ظہران میں ہوئی.

(جاری ہے)

ملاقات میں شہزادہ محمد بن سلمان اور جیک سلیوان نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک معاہدوں کے حتمی مسودوں کا جائزہ لیا، جو تکمیل کے مراحل میں ہیں ان معاہدوں کو ریاض کی جانب سے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے واشنگٹن کی کوششوں کا حصہ سمجھا جارہا ہے، جو غزہ میں اسرائیلی حملے کے بعد سے پیچیدہ ہوئیں. دونوں فریقین نے غزہ پر بھی بات کی اور جنگ کو فوری روکنے پر اتفاق کرنے کے ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی امداد کے غزہ میں داخلے پر زور دیا، ملاقات میں دو ریاستی حل کی جانب دونوں ممالک کے درمیان اب تک ہونے والے پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی.

وائٹ ہاﺅس کے مطابق جیک سلیوان دورہ سعودی عرب کے بعد اس تنازع پر بات کرنے کے لیے اسرائیل بھی جائیں گے یاد رہے کہ بائیڈن انتظامیہ کچھ عرصے سے اس کوشش میں ہے کہ سعودی عرب، واشنگٹن کے ساتھ مضبوط سیکورٹی تعلقات کے بدلے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا معاہدہ کرے. گزشتہ سال 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ میں شروع ہونے والے تنازع سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے دن بدن معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں تاہم گزشتہ 7 ماہ کے دوران غزہ میں ہونے والی تباہی اور ہزاروں فلسطینوں کی شہادت نے ان تمام کوششوں کو نقصان پہنچایا.