چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحفے میں ملا قیمتی قلم باب کعبہ توشہ خانہ میں جمع کروادیا

چیف جسٹس نے قیمتی قلم وزیرِ اعظم کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ میوزیم میں رکھوا دیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے خواہش کی تھی کہ یہ تحفہ سپریم کورٹ عجائب گھر میں رکھا جائے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 20 مئی 2024 15:42

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحفے میں ملا قیمتی قلم باب کعبہ توشہ خانہ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2024 ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحفے میں ملا قیمتی قلم توشہ خانہ میں جمع کروا دیا،چیف جسٹس نے قیمتی قلم وزیرِ اعظم کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ میوزیم میں رکھوا دیا،چیف جسٹس پاکستان کے سیکریٹری نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھا تھا۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رابطہ عالم اسلام کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے 8 اپریل کو چیف جسٹس سے ملاقات کی۔

اس موقع پر رابطہ عالم اسلام کے سیکریٹری نے قیمتی قلم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو تحفے میں دیا تھا۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے خواہش کی تھی کہ یہ تحفہ سپریم کورٹ عجائب گھر میں رکھا جائے، سیکریٹری ٹو چیف جسٹس نے اس خواہش بارے میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھا تھا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سیکریٹری کابینہ نے وزیرِ اعظم سے تحفے کو سپریم کورٹ عجائب گھر میں رکھنے کی منظوری لی۔

یاد رہے کہ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے نورخان ائیربیس اسلام آباد پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیاتھا۔ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے نماز عید الفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں پڑھائی تھی ۔ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے اسلام آباد میں سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد بھی رکھا تھا۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات بھی کی تھی جس میں قانونی مسائل، قانون سازی اور ماتحت عدلیہ کے نظام سمیت عدالتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی تھی۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی صحت اور درازی عمر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں۔