موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والی گندم کی نئی اقسام سنگ میل ثابت ہوں گی،ڈاکٹر سرور خاں

جمعرات 23 مئی 2024 11:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف بھرپور قوت مدافعت رکھنے والی واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کردہ گندم کی نئی اقسام سنگ میل ثابت ہو ں گی جبکہ زرعی یونیورسٹی میں تیار کی گئی جڑی بوٹیوں اوربیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی گنے کی نئی اقسام بھی زیادہ پیداوار کی حامل فصل کے حصول کا ذریعہ بنے گی نیزجامعہ زرعیہ نے سویابین کی نئی اقسام متعارف کروائی ہیں جس کو ڈیڑھ ارب ڈالر کی امپورٹ سے چھٹکارا پانے کیلئے کاشتکاروں میں رواج دیا جا رہا ہے اور زرعی یونیورسٹی اسے ایک ملین ایکڑرقبہ تک پہنچانے کا تہیہ رکھتی ہے۔

جامعہ کا دورہ کرنیوالے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت میں جامعہ زرعیہ کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ غذائی استحکام اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر جینیاتی موڈیفائیڈ فصلات کی فروغ کیلئے راہ ہموار کرنی ہو گی تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات احسن انداز سے پوری کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچا کر ہی زراعت میں جدت برپا کی جا سکتی ہے جس کیلئے زرعی سائنسدانوں اور ماہرین کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ کاشتکاروں کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے حل تلاش کرنے کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈینز ڈاکٹر قمربلال، ڈاکٹر شاہد محمود، ڈاکٹر اعجاز بھٹی، ڈاکٹر بابر شہباز، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر کاشف سلیمی و دیگر بھی موجود تھے۔