محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کر دی

جمعہ 23 اگست 2024 11:37

محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2024ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کر دی۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق ستمبر کپاس کی فصل کے لئے اہم مہینہ ہے۔ فصل جو بن پر ہوتی ہے اور زیادہ سے زیادہ پھول ،گڈی اور ٹینڈے موجود ہوتے ہیں۔ اس وقت فصل کی ضرورت کے مطابق آبپاشی جاری رکھیں۔ پانی کے باکفایت استعمال کے لئے واٹر سکائوٹنگ کے طریقہ سے مدد لیں۔

اس ضمن میں صبح آٹھ بجے سے پہلے کھیت میں داخل ہوں اور 30 فٹ کے بعد چھ پودوں کا انتخاب کرلیں۔ پہلے پودے میں پتوں کا مشاہدہ کریں کہ وہ مرجھائے ہوئے تو نہیں۔ دوسرے پودے کا 3/4اوپر والا حصہ سرخی مائل تو نہیں۔ تیسرے پودے کی اوپر والی شاخ توڑ کر دیکھیں ، آواز کے ساتھ ٹوٹتی ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

چوتھے پودے پر تنے کی گانٹھوں (نوڈز) کا درمیانی فاصلہ نیچے سے اوپر کی طرف کم تو نہیں ہورہا۔

پانچویں پودے کی چھتری کے نیچے2انچ گہرائی سے مٹی لیں، ہاتھ سے دبائیں گولا بنتا ہے یا نہیں۔ چھٹے پودے پر دیکھیں سفید پھول پودے کے اوپر نظر آرہا ہے یانہیں۔ اگر چھ میں سے چار کا جواب ہاں ہے تو پانی کا استعمال ضرور کریں۔ترجمان نے مزید کہاکہ اس کے علاوہ پانی کے ساتھ کھاد کا استعمال سفارش کر دہ مقدار میں ضرور کریں۔ اس وقت کھادوں کا استعمال ، وقت اور طریقہ کاشت، کپاس کی کاشتہ قسم کو مد نظر رکھ کر کرنا چاہیے۔

اس کے علاوہ رواں ماہ کے دوران پودوں کے غذائی اجزاء جیسا کہ نائٹروجن ، پوٹاش، سلفر ، بوران اور زنک کی ضرورت بڑھ جاتی ہے کیونکہ پودے کے پھول ، گڈی اور ٹینڈوں کے بننے کا عمل جاری ہوتا ہے۔ اس لئیاوسط فصل کے لئے ایک بیگ کیلشیم امونیم نائٹریٹ(کین)/امونیم سلفیٹ/مساوی آدھا بیگ یوریا اور ایک کلو گرام سلفر ملا کر، فصل کے پانی کے ساتھ (فرٹیگیشن) کے ذریعے ضرور دیں۔

اس کے ساتھ آدھی بوری پوٹاش (SOP/MOP)کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ اجزائے صغیرہ کا مزید استعمال فصل کی صورت حال اور زرعی ماہرین کے مشورہ سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول کے لئے 300گرام بوریکس، 300گرام زنک سلفیٹ، 300گرام پوٹاشیم نائٹریٹ کو100لٹر پانی میں حل کرکے فی ایکڑ سپرے کریں۔

متعلقہ عنوان :