فیصل آباد،کاشتکار وں کو کماد کی منظور شدہ اقسام کاشت کرنے کی ہدایت

پیر 26 اگست 2024 13:36

فیصل آباد،کاشتکار وں کو کماد کی  منظور شدہ اقسام کاشت کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2024ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کماد کی منظور شدہ اقسام ہی کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شوگر کین ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین کماد نے کہا ہے کہ وہ کماد کی ممنوعہ اقسام ٹرائی ٹان، سی او ایل 54، سی او 1148(انڈیا)، سی او ایل 29، 44، بی ایل 4، ایل 116،118،ایس پی ایف 238اور بی ایف 162وغیرہ کی کاشت سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کمادکی ترقی دادہ اگیتی اقسام سی پی ایف 243، سی پی ایف 246، سی پی ایف 247،ایس ایچ ایف 240، ایچ ایس ایف 242، سی پی 77-400، سی پی 72-2086، سی پی 433-33، سی پی ایف 237 وغیرہ، درمیانی تیار ہونے والی اقسام ایس پی ایف 245، 234،213، ایس پی ایس جی 26 وغیرہ کاشت کر کے بہتر پیداوار حاصل کرسکتے ہیں نیز پچھیتی تیار ہونے والی قسم سی او جے 84بھی کاشت کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ستمبر کما د کی کاشت کے لئے انتہائی موزوں ہے لہٰذ ا کاشتکار بہتر پیداوار کے لئے ستمبر کے دوران کماد کی کاشت کر سکتے ہیں لیکن اس کے لئے بہتر زمین کا انتخاب ضروری ہے نیز کاشتکار فصل کی کاشت سے قبل ہموار زمین میں گہرا ہل چلا کر مناسب تیاری کے بعد سہاگہ لگائیں اور پھر رجز کے ذریعے 10سے12انچ تک گہری 4فٹ کی کھیلیاں بنائی جائیں۔

انہوں نے بتایاکہ ممنوعہ اقسام کی کاشت سے کماد کی پیداوار میں کمی واقع ہو جاتی ہے جس سے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے کاشتکار صرف کماد کی سفارش کردہ اقسام ہی کاشت کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزید برآں انہوں نے کاشتکاروں کو کماد کی فصل کو چوٹی کے گڑوؤں سے بچانے کےلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ چونکہ سفید رنگ کا یہ پروانہ جس کی مادہ کے پیٹ کے سرے پر بھورے رنگ کے بالوں کا گچھا ہوتاہے کماد کی فصل کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتاہے اس لئے کاشتکار مذکورہ کیڑے پر نظر رکھیں اور اس کے تدارک کے لئے فوری اقدامات میں کسی کوتاہی کامظاہرہ نہ کریں۔

انہوں نے بتایاکہ سنڈی کا رنگ سفید اور پیٹ پر لمبے رخ ایک گہرے بھورے رنگ کی دھاری ہوتی ہے جبکہ فصل کو اس بورر سے شدید نقصان پہنچتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ اگست سے نومبر تک اس کی 4سے5 نسلیں حملہ آور ہوتی ہیں جس کے سوک کو آسانی سے کھینچا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کیڑے سے گنے کی چوٹی کی طرف شاخوں کاگچھا سا بن جاتاہے اور تنے کے گڑوؤں کے پروانے بھورا رنگ اختیارکرتے ہوئے اگلے پروں کے باہری کناروں پر سیاہ دھبوں کی قطار بنا لیتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ یہ کیڑا سردیاں سنڈی کی حالت میں مڈھوں میں گزارتاہے لیکن ستمبر اکتوبر میں یہ باہر آکر فصل پر حملہ شروع کردیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حملہ سے گنے کے پہلومیں شاخیں نکل آتی ہیں اور خاص طور پر خشک سالی میں کماد کو بہت زیادہ نقصان ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں اور کسی بھی قسم کی علامات ظاہر ہوتے ہی فوری انسدادی اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔