م*روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کی اشد ضرورت ہے ، سینیٹر بلال مندوخیل

ٌروٹی کی قیمت کم کرنے کااعلان تو کیا گیا ہے سرکاری سطح پر عمل درآمد کروانے کی بھی ضرورت ہے

جمعہ 24 مئی 2024 22:00

: کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل نے کہا ہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کی اشد ضرورت ہے روٹی کی قیمت سستی کرنے کااعلان تو کیا گیا ہے لیکن سرکاری مشینری سے اس پر عمل درآمد کروانے کی بھی ضرورت ہے،اس وقت ملک کا نچلی سطح کا تنخواہ دار اور دیہاڑی دار طبقہ بری طرح سے متاثر ہوا ہے اور رہی سہی کسر مہنگے یوٹیلٹی بلوں نے پوری کر دی ہے چھوٹے،چھوٹے گھروں میں رہنے والے غریبوں کے بھاری بھرکم بل ان کے لیئے وبال جان بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری جب بھی صدر مملکت بنتے ہیں تو ان کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے اور اللہ پاک کے فضل و کرم سے پاکستان کے ان کی قیادت میں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہو جاتے ہیں یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اپنی کرشماتی سیاست کی وجہ سے عالمی حکمرانوں کے دلوں پر بھی راج کرتے ہیں گزشتہ دنوں ایرانی صدرسمیت سعودی عرب سمیت دیگر ملکوں کے اعلی سطحی وفود کے دورہ پاکستان کے دوران جو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے ہیں ان سے یقینی طور پر پاکستان کی اکانومی کی صورت حال بہتر ہو گی اور معاشی اشارئیے بھی بہتری کی جانب بڑھیں گے۔

(جاری ہے)

ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پسے ہوئے طبقات کو فوری ریلیف دیا جائے تاکہ ان پسے ہوئے طبقات کو دو وقت کی روٹی آسانی سے میسر آ سکے پسے ہوئے طبقے کی حالت کو بہتر کیئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔