جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج کر دیا ، عظمی بخاری

ہفتہ 25 مئی 2024 15:21

جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج کر دیا ، عظمی بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج اور بدحواس کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہو ئے کیا ۔عظمی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کے سرکردہ کارندے روزانہ کی بنیاد پر نفرت اور اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں،پنجاب حکومت اب مزید اس پروپیگنڈے کو پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات پر دیگر قیدیوں کے بھی اعتراضات آرہے ہیں،محمد نوازشریف اڈیالہ جیل اور کوٹ لکھپت جیل میں قید رہے تو ہفتے میں صرف ایک دن ملاقات کی اجازت ہوتی تھی۔ عظمی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قوم کی نہیں بلکہ اپنی چوریاں چھپانے کی جنگ لڑ ر ہے ہیں، بانی پی ٹی آئی قیمتی تحائف چوری، گھڑی چوری،عدت میں نکاح،،سائفر لہرانے اور 190 ملین پائونڈز کیس میں جیل کاٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بار بار''قوم ہمارے ساتھ ہے'' کا چورن بیچنا بند کر دیں، قوم نے توشہ خانہ کے چوروں اور 9 مئی کے فسادیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج اور بدحواس کر دیا ہے، اب دن رات ان کے خوابوں میں بھی وزیراعظم ہا ئوس اور سرکاری ہیلی کاپٹر پر سیرسپاٹے ہی آتے ہیں۔