Live Updates

شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح وبہبود وزیر اعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے، ملک احمد سعید خاں

پیر 27 مئی 2024 16:59

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2024ء) رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں اور ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ٹاسک فورس سب کمیٹی /ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز، واٹر مینجمنٹ، ایس ڈی او ایری گیشن، ایکسئین واپڈاسٹی، کسان اتحاد کے عہدیداران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کھاد کی سرکاری نرخ ناموں پر دستیابی،غیر معیاری بیج و ادویات کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور زراعت سے منسلک مختلف محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں نے کہا شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح وبہبود وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

کسان بھائیوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کسانوں کیلئے بہت بڑا ریلیف پیکج لا رہی ہے۔ زرعی پیکج کے مطابق سبسڈیز، جدید مشینری سمیت دیگر مختلف اقدامات کے ذریعے شعبہ زراعت میں ترقی ہو گی اور کسان خوشحال ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی کہ کھاد کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی اور غیر معیاری بیج فروخت والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ٹاسک فورسز اور زراعت افسران ان کے خلاف مہم تیز کریں اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتیں ۔تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں نکلیں اور کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات