تمباکو نوشی دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر کے بعداموات کی دوسری بڑی وجہ : پرنسپل پی جی ایم آئی

،تمباکو کے استعمال سے منہ، پھیپھڑوں کا کینسر، دل کی بیماریاں، برین سٹروک،شوگر جیسے مرض بڑھ رہے ہیں: پروفیسر الفرید ظفر ۔سگریٹ نوشی کا رجحان بڑھتا رہا تو دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کی شرح میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہوجائے گا: میڈیا سے گفتگو

پیر 3 جون 2024 18:05

ل*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2024ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ تمباکو نوشی دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر کے بعداموات کی دوسری بڑی وجہ ہے، تمباکو کے استعمال سے منہ،پھیپھڑوں کا کینسر، دل کی بیماریاں برین سٹروک، شوگر جیسے مرض بڑھ رہے ہیںاور پاکستان میں ہر سال 2لاکھ سے زائد افراد تمباکو نوشی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے موت کے منہ میں جارہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال18 سال سے کم عمر تقریباً 1200 سے 1500بچے تمباکو نوشی کا آغاز کرتے ہوئے اپنے اندر زہر انڈیلتے ہیں لہٰذا اگر یہ رجحان اسی طرح بڑھتا رہا تو ملک میں دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کی شرح میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور 3کروڑ افراد سگریٹ پینے کی عادت میں مبتلا ہیں۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی کرنے والا اپنی اوسط عمر سے 15سال پہلے موت کے منہ میں چلا جاتا ہے کیونکہ ایک سگریٹ انسان کی عمر8 منٹ تک کم کردیتی ہے جس کی وجہ اس میں 4000 سے زائد نقصان دہ اجزاکی موجودگی ہے اور اس کے ساتھ تمباکو نوشی سے سالانہ لاکھوں افراد دل اور پھیپھڑوں کے سرطان جیسی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہوکر زندگی کی بازی ہار بیٹھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی انسانی جسم کو کھوکھلا کر دیتی ہے، اثرات بھی انسانی جسم پر تاخیر سے ظاہر ہوتے ہیں، تمباکو کے استعمال سے منہ، پھپھڑوں کا کینسر، دل کی بیماریاں برین سٹروک، شوگر جیسے مرض بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے پاکستان میں تمباکو نوشی میں کمی لانے کے لئے قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کے نقصانات کے حوالے سے بھی آگاہی دینا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :