زرعی پانی کیلئے لگائی جانے والی موٹروں کو زیادہ ہارس پاور فراہم کرکے توانائی کا ضیاع کیا جا رہا ہے، ماہرین اصلاح آبپاشی

منگل 11 جون 2024 12:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے ماہرین نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں پانی کیلئے لگائی جانے والی موٹروں کو ٹریکٹروں کے ذریعے زیادہ ہارس پاور فراہم کرکے توانائی کا ضیاع کیا جا رہا ہے لہٰذا اگر مطلوبہ ہارس پاور کے ذریعے پانی کے پمپ چلائے جائیں تو ڈیزل اور بجلی کی بہت زیادہ بچت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کینیڈاوآسٹریلیا میں سینسر کے ذریعے پودوں کو مطلوبہ مقدار میں کھاد، زرعی ادویات اور آبپاشی سے منسلک کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہاں انتہائی کم وسائل سے بھر پور پیدا وار حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ میں پریسین ایگریکلچر کے فروغ کیلئے عالمی زرعی سائنسدان عملی تعاون کیلئے تیار ہیں تاکہ چھوٹے کسانوں کیلئے پریسین ماڈل تشکیل دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یونیورسٹیوں میں نہ صرف زرعی شعبے میں بلکہ گھریلو پیمانے اور صنعتی سطح پر بھی پریسین کو فروغ دینے کیلئے جدید نظام تشکیل دیا جائے تاکہ زراعت کو زیادہ سے زیادہ ترقی کے مواقع میسر آسکیں۔