بجلی کی قیمت میں 3روپے 41پیسے فی یونٹ مزید اضافہ ہونے کا امکان

سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست دائر کردی،یہ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 جون 2024 22:51

بجلی کی قیمت میں 3روپے 41پیسے فی یونٹ مزید اضافہ ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2024ء) سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق بجلی 3روپے 41پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست دائر کردی، بجلی کی قیمت میں اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔

نیپرا کی بجلی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست پر 28جون کو سماعت ہوگی۔ گزشتہ ماہ 12ارب 26کروڑ 70لاکھ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔بجلی کی پیداواری لاگت 9روپے 12پیسے فی یونٹ رہی۔
یاد رہے گزشتہ روز نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے 72پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری مالی سال 2024-25 کیلئے دی گئی۔

(جاری ہے)

نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 29.78 روپے سے بڑھ کر 35.5روپے فی یونٹ ہوجائے گا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے کیا جائے گا، اسی طرح بجلی کی قیمت میں ایک ساتھ اضافہ ہوگا یا مرحلہ وار یہ فیصلہ بھی کابینہ کرے گی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے آئندہ 15روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے سے زائد کمی کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر اورپیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کردی ہے۔ یکم جون کو ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر اورپیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف دیا جاچکا ہے۔ 
مزید برآں پی ایم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے 69 پیسے کی کمی کردی ہے، صنعت اور برآمدات کے شعبے کے لئے بجلی کی قیمت 34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کردی گئی۔ صنعتوں کو یہ پیکج عالمی منڈی میں اشیاء کی لاگت کے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے کیا گیا۔ وزیراعظم کے پیکج کے نتیجے میں صنعتوں سے 200 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ختم ہوگا۔ پیکج سے صنعتی اور زرعی پیدواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ پیکج سے صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔ صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔