بھارت ،ریاست مغربی بنگال میں دو ٹرینوں کے درمیان ٹکر ،8 افراد ہلاک،50زخمی

پیر 17 جون 2024 15:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2024ء) بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں دو ٹرینوں کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔اے ایف پی کے مطابق پولیس اور ریلوے حکام نے بتایا کہ پیر کے روز بھارت میں کم از کم آٹھ افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک گڈز ٹرین ڈرائیور سگنل بھول کر پیچھے سے ایک ایکسپریس مسافر ٹرین سے ٹکرا گیا ۔

(جاری ہے)

جس سے تین مسافر بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ ایک بوگی ہوا میں اچھل کر سیدھی زمین پر بیٹھ گئی ۔ انڈیا کے ریلوے بورڈ کے چیئرمین جیا ورما سنہا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس حادثہ میں تقریباً 50 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ مال بردار ٹرین نے سگنل کو نظر انداز کیا اور مسافر ٹرین کو پیچھے سے ٹکر ماردی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرنے والوں میں ڈرائیور اور اس کا ساتھی ڈرائیور، ایک ٹرین گارڈ اور 5مسافر شامل ہیں۔ سنہا نے کہا کہ جانی نقصان زیادہ ہوسکتا تھا، لیکن ٹرین سے دو پارسل کیریجز منسلک تھیں جس نے دوسری بوگیوں کو بڑے نقصان سے محفوظ رکھا۔