کمزوروں اور مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا میری زندگی کا مشن ہے، راولپنڈی کو ماڈل ضلع بنائیں گے اور میرٹ کو یقینی بنائیں گے ،قمراسلام راجہ

جمعہ 21 جون 2024 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2024ء) صدر مسلم لیگ( ن) پنجاب ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی انجینئر قمر اسلام راجہ نے کہا ہے کہ کمزوروں اور مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا میری زندگی کا مشن ہے ، کسی طاقتور کو عام آدمی کی حق تلفی کی اجازت نہیں دوں گا ، ضلع راولپنڈی میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ، راولپنڈی کو ماڈل ضلع بنائیں گے اور میرٹ کو یقینی بنائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ این اے 53 کے بہت سے میگا پراجیکٹس کی 2024 کے بجٹ میں منظوری ہو گئی ہے جن میں سر فہرست سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ دو ارب روپے کی لاگت سے خواجہ کارپوریشن تا گورکھپور سڑک کی تعمیر و کشادگی اور خواجہ کارپوریشن چوک میں ڈیڑھ ارب کی لاگت سے ایک فلائی اوور کی منظوری حاصل کی گئی ہے ، دو ارب بیس کروڑ کی لاگت سے چکری اڈہ تا ہرنیانوالہ براستہ بلاول اڈہ کی منظوری بھی ہو گئی ہے جس کے لئے 35 کروڑ روپے اس مالی سال میں جاری ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چکری سے ڈھڈمبر سڑک کی تعمیر کے لئے 6 کروڑ بیس لاکھ روپے کی گرانٹ منظور ہو گئی ہے جو پوری ریلیز کے ساتھ اسی مالی سال کے اندر مکمل ہو جائے گی، ہرکہ بسالی روڈ کی تعمیر کے لئے دس کروڑ 31 لاکھ کی منظوری ہو گئی ہے جو اسی مالی سال کے اندر تمام کی تمام ریلیز ہو جائے گی ۔انجینئر قمر اسلام راجہ نے کہا کہ کڑڑ روڈ کے بقایا کام کی تکمیل کے لئے بھی 5 کروڑ پچاس لاکھ کے فنڈ منظور ہو چکے ہیں جو تمام کے تمام رواں مالی سال میں ریلیز ہو جائیں گے، اس کے علاوہ ایک بہت اہم سڑک جو اڈیالہ روڈ اور روات چکری روڈ کے درمیان اہم لنک ہے یعنی کچی جوڑیاں سے جرار کیمپ موڑ کو آخری لمحات میں شامل کروایا گیا ہے جس پر 21 کروڑ کی لاگت آئے گی، اس کے علاوہ مین چکری روڈ سے جانب مورت سڑک بھی پانچ کروڑ کے فنڈز سے رواں مالی سال کے اندر مکمل ہو جائے گی جبکہ جوڑیاں تا چکری روڈ کی تعمیر کے لئے تقریباً 27 کروڑ کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے جو جلد تکمیل کے مراحل طے کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اہلیان چک بیلی کے لئے چک بیلی بائی پاس کے لئے 4 کروڑ 84 لاکھ کی مکمل ریلیز اسی مالی سال کے اندر ہو جائے گی، تقریباً پانچ کروڑ کی لاگت سے ریسکیو 1122 چک بیلی خان بمقام جوڑیاں جس کو علاقے کی ضرورت کے پیش نظر میں نے 2022 کے بجٹ میں شامل کروایا تھا اب رواں مالی سال کے اندر ایک کروڑ 80 لاکھ کے مزید فنڈ سے اسی سال مکمل ہو جائے گا اور آئندہ مالی سال میں جوڑیاں ہسپتال کی تکمیل پر اس کی مکمل افادیت عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو جائے گی، مہوٹہ ڈیم کے نظام آبپاشی کی توسیع اور بقایا کام کی تکمیل سمیت کچھ ادائیگیوں کے لئے اس مالی سال میں 20 کروڑ کے مزید فنڈز کی منظوری ہو گئی ہے جس سے علاقے میں ترقی، خوشحالی اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہو گا، 65 ارب سے چہان ڈیم پینے کے پانی کا منصوبہ باقاعدہ طور پر اس بجٹ کا حصہ بنا ہے ، چہان ڈیم پر کام پچھلے سوا دو برس سے جاری تھا اور اس کی تفصیلات سے لوگ آگاہ ہیں، اس کے علاوہ تقریباً پانچ ارب روپے کی لاگت سے مورگاہ، کوٹھہ کلاں 1، کوٹھہ کلاں 2 اور پانی کی شدید کمی اور اذیت کا شکار ملحقہ علاقوں یعنی رحمت آباد، ڈھوک منشی وغیرہ کے لئے بنایا گیا منصوبہ پنجاب کے تمام پیچیدہ مراحل طے کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچ گیا ہے جس کے آخری مراحل کی نوک پلک سنواری جا رہی ہے اور بہت جلد کام شروع ہو گا، لکھن، موہری غزن اور دھمیال وغیرہ کی جاری واٹر سپلائی سکیم کے لئے اس مالی سال میں دو کروڑ کے فنڈز کا اجرا ہوا ہے مگر اصل مسلہ چہان ڈیم منصوبے سے ہی حل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے عام آدمی کو اذیت سے بچانے کے لئے کچہری چوک ری ماڈلنگ کا منصوبہ بھی اسی سال 2 ارب کی لاگت سے شروع ہو گا، جھٹہ ہتھیال گرلز ڈگری کالج کی تکمیل کے لئے ایک کروڑ چونتیس لاکھ کی منظوری ہو گئی ہے کیونکہ اس کے بغیر کلاسوں کا اجرا ممکن نہیں تھا۔