کیوبا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کی منفی سوچ کی مذمت

بدھ 10 جولائی 2024 17:32

ہوانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) کیوبا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کی منفی سوچ کی مذمت کی ہے۔ شنہوا کے مطابق کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے ایکس (سابقہ ٹویٹر )پر گزشتہ روز کہا ہے کہ دہشت گردی سے لڑنے کا دعویٰ کرتے ہوئے امریکا نےاپنی سرزمین میں کیوبا کے خلاف منصوبہ بند پرتشدد دراندازیوں پر آنکھیں بند کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے ہم امریکا کو فلوریڈا سے کیوبا کے خلاف کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں تاہم، وہ استثنا کے ساتھ کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ دہشت گردی کی ریاستی سرپرستی ہے جو واضح سامراجی بدنیتی ہے۔ کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے ایکس پر کہا کہ کیوبا کے خلاف امریکا کی سرزمین سے دہشت گرد اور پرتشدد کارروائیوں کی منظم اور مالی امداد کی جاتی ہیں۔ اس ملک کی حکومت اس بارے میں جانتی ہے۔ یہ کارروائیاں ہیں جن کو کیوبا مخالف موقف رکھنے والی معروف سیاسی شخصیات کی حمایت حاصل ہے۔ امریکا باقاعدگی سے کیوبا کو دہشت گردی کے ریاستی سرپرستوں کی فہرست میں شامل کرتا ہے ۔