وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اراکین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ساہیوال کا دورہ

محرم کے مرکزی جلوس کے روٹس کا معائنہ ،حضرت فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 10 جولائی 2024 18:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اراکین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ساہیوال کا دورہ کیا۔حضرت فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 782ویں عرس کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔کابینہ کمیٹی نے محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹس کا معائنہ کیااور امن کمیٹی ممبران اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔

مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر بتول سے شروع ہوکر خیمہ کربلا پر اختتام پذیر ہو گا۔ڈپٹی کمشنر آفس اور جلوس کے روٹ پر 2 کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے ساہیوال کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔مقامی ممبرانِ اسمبلی، تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان ،سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی ہمراہ تھے۔کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور آر پی او محبوب رشید نے کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کوانتظامات بارے بریفنگ دی۔

ساہیوال ڈویژن میں تمام 1749 مجالس اور 461 جلوس کے انتظامات مکمل ہیں۔77 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 64 کی زبان بندی کے احکامات جاری کیے۔ساہیوال میں 74 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔7 سے 10 محرم کے دوران آرمی اور رینجرز کی 8 کمپنیاں بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوںگی۔صوبائی وزیر صحت وچیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلیمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہمارا مشن ہے۔

وزیراعلی پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر میں جاکر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔پنجاب بھر میں سکیورٹی و دیگر انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اتحاد بین المسلمین کے اصول کے تحت پُرامن محرم الحرام کی جانب گامزن ہیں۔محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔