میر رضا قتل کیس، تفتیشی افسر نے اہم دستاویزات جوڈیشل کمیشن میں جمع کرا دیں

پوسٹ مارٹم، اسمارٹ واچ اور موبائل فون سمیت دیگر اشیا کی فارنزک رپورٹس بھی پیش، گواہوں کے مزید بیانات کی نقول جمع، پنجاب فارنزک لیبارٹری بھی میر رضا کا آئی فون کھولنے میں ناکام

منگل 8 ستمبر 2026 17:21

میر رضا قتل کیس، تفتیشی افسر نے اہم دستاویزات جوڈیشل کمیشن میں جمع ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2026ء) نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں تفتیشی افسر نے مزید اہم دستاویزات جوڈیشل کمیشن کے پاس جمع کرا دی ہیں۔ذرائع کے مطابق تفتیشی افسر کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو میر رضا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سمیت اسمارٹ واچ، موبائل فون اور دیگر اشیا سے متعلق فارنزک رپورٹس بھی پیش کی گئی ہیں، جبکہ گواہوں کے مزید بیانات کی نقول بھی کمیشن کے ریکارڈ کا حصہ بنا دی گئی ہیں۔

دوسری جانب تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کے آئی فون کو کھولنے اور اس سے مزید شواہد حاصل کرنے کی کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی۔ پنجاب فارنزک لیبارٹری نے میر رضا کیس میں قائم تحقیقاتی ٹیم کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے کہ وہ آئی فون کھولنے میں ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق میر رضا کی گھڑی اور موبائل فون تحقیقاتی ٹیم کو واپس بھیجے جائیں گے تاکہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ایپل واچ سے چند اسکرین شاٹس اور پیغامات ضرور حاصل ہوئے ہیں، تاہم ابتدائی طور پر ان میں ایسا کوئی اہم مواد سامنے نہیں آیا جسے تفتیش کے لیے فیصلہ کن یا غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جاسکے۔جوڈیشل کمیشن میر رضا قتل کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ کیس سے متعلق مزید دستاویزات، بیانات اور فارنزک شواہد کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :