ملیر زمین تنازعہ، عدالت سے بورڈ آف ریونیو کے افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت نے سیکریٹری بورڈ آف ریونیو کو سندھ حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا

بدھ 10 جولائی 2024 18:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2024ء) عدالت نے ملیر میں 22 ایکڑ زمین کے تنازعہ کیس میں پیش نہ ہونے پر 2 سرکاری افسران کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ملیر میں 22 ایکڑ زمین کے تنازعے کے کیس میں حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت سرکاری افسران پر برہم ہو گئی، سندھ ہائیکورٹ نے سیکریٹری/ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکشن آفیسر بورڈ آف ریونیو عزیز احمد چانڈیو کے وارنٹ جاری کر دیے۔

دونوں افسران کے 50 ہزار روپے مالیت کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کیے گئے ہیں، عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کی ہدایت کر دی۔عدالت نے سیکریٹری بورڈ آف ریونیو کو سندھ حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا، عدالتی احکامات کے باوجود سیکریٹری بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا گیا۔واضح رہے کہ ایک شہری نے ضلع ملیر میں 22 ایکڑ اراضی کی ملکیت سے متعلق دیوانی مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔