یوکرین جنگ کے دوران پانچواں بھارتی شہری ہلاک

DW ڈی ڈبلیو پیر 29 جولائی 2024 14:40

یوکرین جنگ کے دوران پانچواں بھارتی شہری ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 29 جولائی 2024ء) یوکرین جنگ میں روس کی جانب سے لڑنے والے ایک اور بھارتی شہری کی لڑائی کے دوران ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ بائیس سالہ روی موآن ایسے پانچویں بھارتی شہری ہیں، جن کی اس تنازعے میں لڑائی کے دوران موت کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کے بھائی اجے موآن نے پیر کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی سے فون پر گفتگو کے دوران ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ روی اس سال جنوری میں روس گئے تھے اور ان کو وہاں بھجوانے والے ایجنٹ نے ان سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ملازمت کا وعدہ کیا تھا۔

اجے کے مطابق اس وعدے کے برخلاف روی کو ہتھیار استعمال کرنے کی ٹریننگ دینے کے بعد مارچ میں یوکرین جنگ میں لڑنے کے لیے مجبور کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ روی سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد انہوں نے ماسکو میں بھارتی سفارت خانے سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد انہیں اپنے بھائی کی ہلاکت کی اطلاع ملی۔

اجے نے مزید بتایا کہ سفارت خانے کی جانب سے روی کی لاش کی شناخت کے لیے ان کے خاندان سے ڈی این اے سیمپلز بھیجنے کے لیے بھی کہا گیا تھا۔

ان کے مطابق روی لڑائی میں حصہ لینے کے بعد ایک مرتبہ واپس بھی آئے تھے لیکن انہیں دوبارہ لڑنے بھیج دیا گیا اور ''اس کے بعد ہمارا اس سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔‘‘

اجے کا کہنا ہے کہ ان کی فیملی نے روی کی لاش بھارت واپس لائے جانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی سے مدد کی درخواست بھی کی تھی۔

فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ روی کی موت کب واقع ہوئی۔

یہ خیال کیا جاتا ہے کہ روس نے یوکرین جنگ میں اپنی عسکری طاقت بڑھانے کے لیے ہزاروں غیر ملکیوں کو اپنی فوج میں بھرتی کیا ہے، جن میں سینکڑوں بھارتی باشندے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارت نے روسی فوج میں بھرتی اپنے شہریوں کی وطن واپسی پر زور دیا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق اس ماہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی ماسکو میں ہونے والی ملاقات میں مودی کو اس حوالے سے ''یقین دہانی‘‘ بھی کرائی گئی تھی۔

وزارت خارجہ نے پچھلے ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ یوکرین جنگ میں روس کی جانب سے لڑنے والے تقریباﹰ 50 بھارتی شہریوں کی واپسی کے لیے حکومت روسی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

بھارتی حکام نے کئی افراد کو شہریوں سے نوکری کا جھوٹا وعدہ کر کہ انہیں یوکرین جنگ میں لڑنے کے لیے بھجوانے کے الزام میں گرفتار بھی کیا ہے۔

یہ سب ایک ایسے وقت ہو رہا ہے، جب بھارت تیزی سے اقتصادی ترقی کر رہا ہے تاہم وہاں ملازمتوں کے مواقع اب بھی کم ہی ہیں۔

م ا ⁄ ش ر (اے ایف پی)