پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان،رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خطرہ

ہفتہ 3 اگست 2024 13:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2024ء) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان اور رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے ۔ ترجمان پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب کے تمام دریائوں اور بیراجز میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے،منگلا ڈیم میں پانی کی سطح61 فیصداور تربیلا میں81فیصد ہے ۔

دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 43 فیصد تک ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ رودکوہیوں میں آئندہ 48 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے اورممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔عوام سے التماس ہے کہ وہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر ،بجلی کی تاروں و کھمبوں کو چھونے سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔