وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر 2008 سے رکے مارگلہ روڈ کی تعمیر و کشادگی کے منصوبے پر کام کا آغاز ہو گیا

ہفتہ 3 اگست 2024 17:47

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر 2008  سے رکے مارگلہ روڈ کی تعمیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر 2008 سے رکے مارگلہ روڈ کی تعمیر و کشادگی کے منصوبے پر کام کا آغاز ہو گیا۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 17 برس سے رکے ہوئے مارگلہ روڈ کی تعمیر و کشادگی کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اسفالٹ کے کام کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا معیار بھی چیک کیا اور تعمیراتی کام 14 اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور14 اگست سے قبل روڈ کو ٹریفک کے لئے کھولا جائے۔ محسن نقوی نے سائیکل ٹریک تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی ، مارگلہ ایوینیو کو مری روڈ سے منسلک کیا جائے گا۔چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبہ پر 2007 میں کام کا آغاز کیا گیا تھا اور اس منصوبے کو2008 میں مکمل ہونا تھا۔چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور کنٹریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔