وسطی پنجاب سے مریضوں کی فوری منتقلی کیلئے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنےکا فیصلہ

وزیراعلی مریم نواز نے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دیدی، وزیراعلی کا موٹرویز پر ریسکیو سروسز کے جلد آغاز کا حکم، ریسکیو سروسز میں پنجاب جنوبی ایشیاء میں رول ماڈل بن چکا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 3 اگست 2024 18:34

وسطی پنجاب سے مریضوں کی فوری منتقلی کیلئے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر استعمال ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ملاقات کی، جس میں ائیرایمبولینس پراجیکٹ اور موٹروے ریسکیو 1122سروسز کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا- ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایئر ایمبولینس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور ائیر ایمبولینس پائلٹ رن سے متعلق آگاہ کیا گیا- بہاولنگر اورمیانوالی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مریضوں کی منتقلی کے بارے میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا- ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبے کے مختلف شہرو ں میں ایئرایمبولینس کی لینڈنگ کے انتظامات پر بریفنگ دی- ملاقات میں ایئر ایمبولینس کے لئے نئے جہازوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیاگیا- سینٹرل پنجاب میں ہنگامی حالت کی صورت میں مریض کی فوری منتقلی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر اتفاق کیا- سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے ائیر ایمبولینس پراجیکٹ پر اطمینان کااظہار کیا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے موٹرویز پر ریسکیوسروسز کے جلد آغاز کے لئے اقدامات کی ہدایت کی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کو ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کرنے والا پہلا صوبہ  ہونے کا اعزاز حاصل ہوچکاہے-ہارٹ اٹیک، ہیڈ انجری اور سپائنل انجری کی صورت میں مریض کا گولڈن آور میں ہسپتال پہنچنا ضروری ہے، گولڈن آور میں مریض کی بڑے ہسپتال منتقلی بہت بڑا ٹاسک ہے-ہر فرد کی جان قیمتی ہے، ائیر ایمبولینس سے دور دراز کے مریض کو علاج کیلئے بڑے ہسپتال پہنچایا جاسکے گا- انہو ں نے کہاکہ ائیر ایمبولینس پراجیکٹ عوام کے لئے ہے،ایمرجنسی کی صورت میں جان بچائی جاسکے گی، موٹرویز کے انٹر چینج پر ریسکیو 1122ایمبولینس موجود ہوگی- موٹرویز پر حادثات کی صورت میں ریسکیو ایمبولینس کا فورا پہنچنا ممکن ہوگا- پنجاب موٹرویزپر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا- ریسکیو سروسز میں پنجاب، پاکستان ہی نہیں جنوبی ایشیاء میں رول ماڈل بن چکا ہے-چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔