مسقط ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے نئے اصول کا نفاذ

نئی تبدیلی میں بورڈنگ پاس سسٹم (PBS) کے اوقات کی ایڈجسٹمنٹ کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 اگست 2024 12:40

مسقط ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے نئے اصول کا نفاذ
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست 2024ء ) خلیجی سلطنت عمان کے مسقط ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے نئے اصول کا نفاذ کردیا گیا، ملک کی قومی ایئرلائن نے بھی ہوائی اڈے کے اعلان کے بعد ایک نوٹس جاری کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق عمان کے مسقط بین الاقوامی ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے ملک سے جانے یا آنے والے مسافروں کے لیے سخت قوانین متعارف کرائے ہیں، جس کے تحت 4 اگست 2024ء سے شروع ہونے والی نئی تبدیلی میں بورڈنگ پاس سسٹم (PBS) کے اوقات کی ایڈجسٹمنٹ بھی شامل ہے، یہ سسٹم چیک ان کاؤنٹرز کے بعد اور پاسپورٹ کنٹرول سے پہلے کام کرتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کسی بھی پرواز کی روانگی میں 40 منٹ رہ جانے پر مسافروں کو اس سسٹم سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، یعنی کسی پرواز کے روانہ ہونے کے مقررہ وقت سے 40 منٹ پہلے پہلے مسافروں کو یہاں سے کلیئرنس کروانا ہوگی، اسی طرح ڈیپارچر گیٹ فلائٹ روانگی کے وقت سے 20 منٹ پہلے بند کردیئے جائیں گے، ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو ایک نوٹس کے ذریعے نئی ​​تبدیلی سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یہ اقدام بورڈنگ طریقہ کار کی ہموار پروسیسنگ کے ساتھ ساتھ پروازوں کی بروقت روانگی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، وقت کی مدت میں تبدیلی مسافروں کو پاسپورٹ کنٹرول اور سکیورٹی چیک کو زیادہ موثر طریقے سے مکمل کرنے کی اجازت دے گی، تمام مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے تبدیلی پر عمل کریں، اسی طرح سلطنت کی سرکاری فضائی کمپنی عمان ایئر نے بھی ہوائی اڈے کے اعلان کے بعد ایک نوٹس جاری کیا، جس میں انتظامیہ نے مسافروں کو اس تبدیلی کی اطلاع دی گئی اور بتایا کہ ان کے چیک ان کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پرواز کی روانگی کے وقت سے 60 منٹ پہلے بورڈنگ بند ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :