مودی حکومت کے جنگی عزائم میں تیزی‘بھارت کی پاکستان کو دباؤ میں لانے کی نئی حکمت عملی تیار

جمعرات 12 جون 2025 18:38

مودی حکومت کے جنگی عزائم میں تیزی‘بھارت کی پاکستان کو دباؤ میں لانے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) معرکہ بنیان مرصوص کی شکست کے بعد بھارت کی جنگی حکمت عملی میں تیزی سے تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، جو خطے میں بھارت کی اجارہ داری قائم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، نے فضائی برتری حاصل کرنے کے لیے ایک نئے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ "I-STAR" کے نام سے جاری یہ منصوبہ بھارت کی فضائیہ کو جدید طیاروں سے لیس کرنے کی ایک بڑی کوشش ہے جس پر تقریباً 10,000 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کے تحت بھارت انٹیلیجنس، سرویلنس، ٹارگٹ ایکوزیشن اور ریکونیسسنس (I-STAR) صلاحیتوں سے لیس تین جدید طیارے حاصل کرے گا۔ یہ طیارے مقامی سینسرز اور الیکٹرانک سسٹمز سے آراستہ ہوں گے، جو دشمن کی فضائی حدود میں داخل ہوئے بغیر اہداف کو شناخت، ٹریک اور نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی جریدے بزنس ٹوڈے کے مطابق، یہ طیارے بھارت کی فضائی طاقت میں اضافہ کریں گے، ریئل ٹائم انٹیلیجنس فراہم کریں گے اور خطے میں تیز تر فوجی ردعمل کو ممکن بنائیں گے۔

اس سے بھارت کی حملہ کرنے کی صلاحیت کو بھی تقویت ملے گی۔ پاکستانی دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کی ان عسکری کوششوں کا مقصد پاکستان کو دباؤ میں لانا ہے، تاہم پاکستان نے ہر ممکن دفاعی تیاری کر رکھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن کی ہر چال کا سرپرائز سے جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔