Live Updates

مودی کا جنگی جنون، بھارتی معیشت کی راہ میں رکاوٹ ، عالمی بینک کی تشویشناک رپورٹ

جمعرات 12 جون 2025 18:42

مودی کا جنگی جنون، بھارتی معیشت کی راہ میں رکاوٹ ، عالمی بینک کی تشویشناک ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) مودی سرکار کا جنگی جنون اور خطے میں بڑھتی کشیدگیاں اب بھارت کی اقتصادی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنتی جا رہی ہیں۔ سفارتی محاذ پر تنہائی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تناؤ کے بعد اب عالمی مالیاتی ادارے بھی بھارتی معیشت کی سست روی پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ معروف بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، عالمی بینک نے مالی سال 2025-26 کے لیے بھارت کی جی ڈی پی کی شرح نمو کم کر کے 6.3 فیصد کر دی ہے، جو رواں سال جنوری میں 6.7 فیصد متوقع کی گئی تھی۔

ورلڈ بینک کی یہ پیش گوئی 10 جون کو واشنگٹن میں جاری ہونے والی عالمی اقتصادی امکانات رپورٹ میں سامنے آئی، جس میں بھارت کی برآمدات میں کمی اور سرمایہ کاری کی سست رفتار کو معاشی سست روی کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر گرتی ہوئی ڈیمانڈ اور بڑھتی ہوئی تجارتی رکاوٹیں بھارتی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو رہی ہیں۔ دی ہندو کے مطابق بھارت کی برآمدات میں کمی اس لیے بھی دیکھی جا رہی ہے کہ کئی اہم تجارتی شراکت دار مودی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں اور داخلی سیاسی عدم استحکام کے باعث بھارت سے فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ، ریزرو بینک آف انڈیا کی حالیہ 6.5 فیصد کی پیش گوئی سے بھی عالمی بینک کی شرح نمو کی پیش گوئی کم ہے، جو معیشت کے لیے ایک اور تشویشناک اشارہ ہے۔ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہندوتوا نظریے، فالس فلیگ آپریشنز، اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگیوں نے نہ صرف خطے میں امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کو بھی بھارت کی جانب آنے سے روک دیا ہے۔

حتیٰ کہ امریکہ جیسی بڑی طاقت بھی مودی کے جارحانہ رویے کے باعث بھارت میں آئی فونز اور دیگر مصنوعات کی فیکٹریاں لگانے سے پیچھے ہٹ چکی ہے۔ بھارت کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ اگر داخلی طور پر امن و استحکام اور خارجہ پالیسی میں توازن پیدا نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں معاشی منظرنامہ مزید بگڑ سکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات