ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد

جمعہ 9 اگست 2024 22:40

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2024ء) ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کے دل جیت لیے ہیں، 40 سال بعد اولمپکس گولڈ میڈل حاصل کرنے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، ارشد ندیم نے ضلع خانیوال اور پاکستان کا نام روشن کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، ہمیں ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر ناز ہے ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ضیاء الرحمن سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی عطاء الرحمن نے کہاکہ گولڈ میڈل جیت کر ارشد ندیم نے قوم کو تحفہ دیا ہے، ارشد ندیم جیسے ہونہار کھلاڑی کا تعلق ضلع خانیوال سے ہونا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، پیرس اولمپکس میں 118 سالہ جیولین تھرو کا ریکارڈ توڑ کر ارشد ندیم نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، شاندار کامیابی پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔