وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کا کام جاری

ہفتہ 10 اگست 2024 20:08

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر ..
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میںصفائی ستھرائی کا کام بھرپور طریقے سے جاری ، شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور بارشی پانی کی نکاسی کو بروقت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔

ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی نے میونسپل کمیٹیوں کے افسران کے جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور بارشی پانی کی نکاسی کو بروقت یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔ نالہ جات اور ڈرینز کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے تا کہ بارشی پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری و دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی ، پارکس ، گرین بیلٹس کی خوبصورتی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ شہروں کی سڑکوں ، گلی محلوں اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عوام کو صاف ستھرا اور اچھا ماحول فراہم کیا جائے۔