قیدیوں کی رہائی صرف مذاکرات سے ممکن ہے ،امریکہ

وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کے مشرق وسطی کے نو دورے ناکام نہیں رہے، میتھیو ملر

بدھ 4 ستمبر 2024 17:12

قیدیوں کی رہائی صرف مذاکرات سے ممکن ہے ،امریکہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2024ء) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہاہے کہ ان کے ملک کی ترجیح اب غزہ میں یرغمال قیدیوں کی رہائی ہے۔ ملر کے مطابق ان لوگوں کو بچانا ممکن ہے۔عرب ٹی وی کو دیے گئے بیان میں ترجمان نے زور دیا کہ اس کے لیے مثالی طریقہ مذاکرات ہے۔حماس کے سربراہ یحیی السنوار سمیت حماس کی سینئر قیادت کے خلاف مجرمانہ الزامات عائد کرنے سے متعلق واشنگٹن کے فیصلے پر ملر نے واضح کیا کہ ان کا ملک مطلوب افراد کو پکڑنے اور انھیں اپنے جرائم کے سبب عدالت میں پیش کرنے کو اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

غزہ کی پٹی میں جنگ روکنے کے لیے معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے ملر نے کہا کہ وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کے مشرق وسطی کے نو دورے ناکام نہیں رہے۔ اس دوران میں اسرائیل خلیج کم کرنے کی تجویز پر آمادہ ہوا لہذا یہ پیش رفت شمار ہو گی۔امریکی ذمے دار نے فلاڈلفیا راہ داری کے گمبھیر معاملے اور مغربی کنارے میں موجودگی کے حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی گفتگو کے بارے میں تبصرے سے انکار کر دیا۔ تاہم انھوں نے باور کرایا کہ غزہ، مغربی کنارے اور دو ریاستی حل کے حوالے سے واشنگٹن کا موقف واضح ہے۔