سعودی عرب ،ہوٹلوں، ریزارٹس اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کی تجارتی لائسنس فیس معاف

جمعرات 5 ستمبر 2024 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2024ء) سعودی عرب کے وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ماجد الحقیل نے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے ہوٹل، ریزارٹس اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے لیے تجارتی لائسنس کے اجرا کی فیس نہ لینے کے احکامات صادر کیے ہیں۔اخبار 24 نے وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایوان شاہی سے منظوری کے بعد وزیر بلدیات نے لائسنس فیس معاف کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مملکت کے تمام علاقوں میں سیاحتی شعبے میں کام کرنے والے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے گزشتہ مارچ میں خصوصی مہم کا اعلان کیا گیا تھا جس کا مقصد اس شعبے کو بہتر بنانا اور زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کےعلاوہ غیرملکی سیاحوں کو مملکت کے بارے میں وسیع بنیاد پر آگاہی فراہم کرنا تھا۔وزارت نے مشترکہ طورپر سیاحت کے فروغ کےلیے ہوٹلوں اور رہائشی اپارٹمنٹس کے لیے تجارتی لائسنس کے اجرا اور تجدید کے لیے ’بلدی‘ ایپ پر خصوصی سہولت فراہم کی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :