آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلاتفریق کارروا ئیاں جاری ہیں،چیف ٹریفک آفیسر لاہور

جمعرات 5 ستمبر 2024 10:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2024ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ شہر بھر میں آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم سے قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ گاڑی سرکاری ہو یا پرائیویٹ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگست میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 13ہزار 655 افراد کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے جبکہ آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 12 ہزار 700 خلاف ورزیوں پر چالان کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ لین لائن، سٹاپ لائن، زیبرا کراسنگ کی 71 ہزار 111 ، ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 3 ہزار 40،ٹریفک قوانین کی 19 اقسام کی خلاف ورزیوں پر ای چالان گھروں میں بجھوائے جارہے ہیں۔

عمارہ اطہر نے بتایا کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم سے ہیلمٹ ٹینکی پر رکھنے، بازو میں لٹکانے پر بھی چالان ہورہا ہے، خلاف ورزی نوٹ ہونے پر متعلقہ افراد کو بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کیا جاتا ہے،آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کیا جارہا ہے، آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم سے منظم ٹریفک کا حصول بھی ممکن ہوگا۔