شاہ رخ خان کے گھر کے باہر 35 دن سے کیمپ لگائے بیٹھا جنونی مداح

ہفتہ 7 ستمبر 2024 22:58

شاہ رخ خان کے گھر کے باہر 35 دن سے کیمپ لگائے بیٹھا جنونی مداح
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2024ء) جس طرح بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کے پاس دولت کی کوئی کمی نہیں، بالکل اِسی طرح اداکار کے پاس مداحوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔شاہ رخ خان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔ کوئی ان کی محبت میں ان کا روپ دھار لیتا ہے تو کوئی ان کے پوسٹرز اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے۔مگر بھارت میں ایک ایسا شہری سامنے آیا ہے جس نے شاہ رخ کا سب سے جنونی مداح ہونے کا ثبوت دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ کے گھر منت کے باہر ان کا ایک مداح تقریبا 5 ہفتوں سے ان کی راہ دیکھ رہا ہے۔محمد انصاری نامی یہ مداح جھارکھنڈ سے خصوصی طور پر شاہ رخ خان سے ملاقات کے لیے آیا جس نے ان کے گھر کے باہر کیمپ لگا لیا۔ وہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کی امید میں 35 دنوں سے اداکار کے گھر کیمپ لگائے بیٹھا ہے۔

(جاری ہے)

محمد انصاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور انسٹاگرام پر وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رپورٹر نے محمد انصاری سے پوچھا کہ وہ شاہ رخ خان کو دیکھنے کے لیے اتنا انتظار کیوں کر رہے ہیں جس پر اس نے جواب دیا کہ وہ میرے پسندیدہ اداکار ہیں اور میں ان کا سب سے بڑا پرستار ہوں۔ایک اور سوال کے جواب میں اس نے کہا کہ شاہ رخ خان کی معمولی جھلک دیکھنا بھی میرے لیے بہت بڑی بات ہوگی۔ میں ان سے مل کر واپس اپنے گائوں چلا جائوں گا۔واضح رہے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی 2016 میں Fan مووی ریلیز کی گئی تھی جس میں اداکار کا ایک ایسا ہی جنونی مداح دکھایا گیا تھا جو ان کے گھر کے اندر داخل ہوجاتا ہے۔