دبئی کی عدالت کا تاریخی فیصلہ

ٹریفک حادثے کے شکار ڈیلیوری رائیڈر کو 37 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کے برابر معاوضہ مل گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 9 ستمبر 2024 14:59

دبئی کی عدالت کا تاریخی فیصلہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر 2024ء ) دبئی میں ٹریفک حادثے کے شکار ڈیلیوری رائیڈر کو عدالتی فیصلے کے نتیجے میں 37 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کے برابر معاوضہ مل گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ایک 22 سالہ گروسری ڈلیوری رائیڈر کو 50 لاکھ درہم ( تقریباً 37 کروڑ 92 لاکھ 20 ہزار پاکستانی روپے ) بطور معاوضے سے نوازا گیا جو ایک ٹریفک حادثے کے باعث فالج کا شکار ہوگیا تھا، شفین عمر کملی کو حادثے کے بعد 100 فیصد فالج کا سامنا کرنا پڑا، دبئی کی ایک عدالت نے گزشتہ ماہ معاوضہ دینے کا فیصلہ سنایا تھا، جس کے بعد یہ رقم پیر کو ایک کانفرنس کے دوران شفین کے والدین کے حوالے کر دی گئی، متاثرہ شخص کے وکلاء کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس سے متاثرہ شخص کو اپنی صحت دوبارہ بحال کرنے کے لیے اپنا علاج جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)


بتایا گیا ہے کہ متاثرہ ڈیلیوری رائیدر شفین العین میں ایک کریانہ کی دکان پر کام کرتا تھا، اپنے روز مرہ کے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے دوران ایک آرڈر ڈیلیور کرنے جا رہا تھا کہ ایک عرب نوجوان کی گاڑی نے اسے ٹکر مار دی اور وہ گاڑی وہاں بغیر رکے ہی بھاگ نکلی، کیس کی پیروی کرنے والے قریبی ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ دیلیوی رائیڈر کو معاضہ حاصل کرنے میں حائل رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے میں ایک سال لگا۔

فرانگلف ایڈووکیٹس کے ڈائریکٹر اور کنسلٹنٹ انیس عیسیٰ نے بتایا کہ "حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے اور حادثے کی وجہ جاننے کے ساتھ ساتھ ڈرائیور کو تلاش کرنے کے لیے بہت محنت کی، جس کے بعد عدالت میں کیس کی کارروائی مکمل ہونے پر سانئے جانے والے فیصلے کے نتیجے میں انشورنس کمپنی نے معاوضہ ادا کیا، ڈرائیور کو اس کی لاپرواہی پر 5 ہزار درہم جرمانہ کیا گیا، متاثرہ ڈیلیوی رائیڈر کے خاندان کو قانونی اخراجات کی مد میں 73 ہزار درہم اضافی بھی دیا گیا۔