Live Updates

پارلیمنٹ کے اندر گھس کر اراکین کو گرفتار کیا گیا تو باقی کیا بچا؟. پیپلزپارٹی

جو کچھ ہو رہا ہے وہ ٹھیک نہیں،عمران خان کے پاس جائیں اور بات چیت کریں.ایم کیو ایم پاکستان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 10 ستمبر 2024 14:31

پارلیمنٹ کے اندر گھس کر اراکین کو گرفتار کیا گیا تو باقی کیا بچا؟. پیپلزپارٹی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 ستمبر ۔2024 ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمااور رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر گھس کر اراکین کو گرفتار کیا گیا تو باقی کیا بچا، یہ پورے آئین، پوری پارلیمنٹ پر بہت سنجیدہ حملہ ہے،ہاﺅس میں آئیں گے اور آپ کو گرفتار کریں گے، اس پر آپ کو سنجیدہ انکوائری کرکے سنجیدہ ایکشن لینا پڑے گا.

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں آپ کو اس وقت بطور ہاﺅس کے کسٹوڈین مخاطب کر رہا ہوں، اس وقت جو الزامات سامنے آ رہے ہیں جن پر یقین نہ کرنے کے لیے میرے پاس کوئی وجہ نہیں، یہ پورے آئین، پوری پارلیمنٹ پر بہت سنجیدہ حملہ ہے .

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی حدود سے چاہے کو ئی بھی گرفتار کرنا، آپ کو یاد ہوگا کہ جب علی محمد خان، ان کی جماعت یا عمران خان، جب گیٹ تک پہنچے تھے تو اس کو بھی ہم نے پارلیمنٹ پر حملہ اور قابل مذمت کہا تھا، تو یہ اگر پارلیمنٹ کے اندر گھس کر اراکین کو گرفتار کیا گیا تو باقی کیا بچا، یہاں ہاﺅس میں آئیں گے اور آپ کو گرفتار کریں گے، اس پر آپ کو سنجیدہ انکوائری کرکے سنجیدہ ایکشن لینا پڑے گا.

متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم )کے رکن مصطفی کمال نے کہا کہ پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، گزشتہ روز کے واقعے کی کوئی بھی تائید نہیں کر سکتاانہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سے درخواست ہے بریک لگا دیں، جب زہر بوئیں گے تو زہر ہی کاٹیں گے، جو کچھ ہو رہا ہے وہ ٹھیک نہیں،عمران خان کے پاس جائیں اور بات چیت کریں،ا سپیکر قومی اسمبلی کل کے واقعے پر ایکشن لیں.

ا سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاﺅس سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ کی گرفتاریوں کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قانون اور آئین کی پاسداری ہونی چاہیے، گزشتہ روز جو کچھ ہوا اس پر ایکشن لیں گے‘ ہمیں گزشتہ روز کے واقعے کو سنجیدہ لینا ہوگا انہوں نے کہا کہ 2014 میں پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تو میں اس کرسی پر تھا 2014میں پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تھا اس کا مقدمہ درج ہوا تھا گزشتہ روز کے واقعے کا بھی مقدمہ درج ہوسکتا ہے، پارلیمنٹ میں جو ہوا اس پر ایکشن لیں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات