شمالی کوریا کا مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلز کا تجربہ

بدھ 18 ستمبر 2024 14:48

شمالی کوریا  کا مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلز  کا ..
سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے، دوسری جانب جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ پیانگ یانگ کا ایک ہفتے میں اس طرح کے ہتھیاروں کا دوسرا تجربہ ہے۔ اے ایف پی کے مطابق شمالی کوریا نے بدھ کی صبح مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف (جے سی ایس) نےاپنے جاری بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے بدھ کی صبح 6 بج کر 50 منٹ کے قریب شمال مشرق میں فائر کئے گئے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری فوج نے نگرانی کو مضبوط بنایا اور جاپان و امریکا کے ساتھ اس حوالے سے معلومات کا اشتراک کیا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف (جے سی ایس)بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کا میزائل لانچ اشتعال انگیزی کا ایک واضح عمل ہے جس سے جزیرہ نما کوریا میں امن اور استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جنوبی کورین فوج کے مطابق میزائلوں کو شمالی کوریا کے صوبے سائوتھ فیونگان کے علاقے کیچون سے داغا گیا ،جاپانی کوسٹ گارڈ ز نے بھی میزائل تجربے کی تصدیق کی ۔

بعد ازاں جاپان کے وزیر دفاع منورو کیہارا نے کہا کہ میزائل شمالی کوریا کے اندرونی علاقے کے مشرقی ساحل کے ارد گرد سمندر میں اور جاپان کے خصوصی اقتصادی زون(ای ای زیڈ) کے باہر گرے جن سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نئے قسم کے 600 ملی میٹر ملٹیپل راکٹ لانچر کا تجربہ تھا جس کی نگرانی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے خود کی ۔

متعلقہ عنوان :