صدر ہاکی فیڈریشن نے حاتم طائی کی قبر پر لات مار دی

ایشین چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں و آفیشلز کیلئے 100 ڈالر فی کس انعام کا اعلان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 ستمبر 2024 16:40

صدر ہاکی فیڈریشن نے حاتم طائی کی قبر پر لات مار دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2024ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق حسین بگٹی نے حاتم طائی کی قبر پر لات مار دی، ایشین چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے 100،100 ڈالر (تقریبا 27 ہزار 800 روپے) انعام دینے کا اعلان کردیا جبکہ طارق بگٹی خود بطور صدر ہاکی فیڈریشن ڈیلی الائونس کی مد میں 500 ڈالرز (ایک لاکھ 39 ہزار روپے) روزانہ وصول کررہے ہیں۔

چین میں ہونے والی ائیشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے کوریا کو ہرا کر برائونز میڈل جیتا جس پر چین میں قومی ٹیم کے ساتھ موجود پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی نے برانزمیڈل جیتنے پر قومی کھلاڑیوں کو 100 ڈالرز انعام دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ برانز میڈل جیتنے پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کرسکیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صدر فیڈریشن طارق بگٹی چین میں قومی ٹیم کے ساتھ ہونے کی وجہ سے قیام و طعام کے ساتھ 500 ڈالرز ڈیلی وصول کررہے ہیں جب کہ گراؤنڈ میں پسینہ بہانے والے کھلاڑیوں کو صرف فی کس 100 ڈالرز انعام دے کر ٹرخا دیا ہے۔ صدر ہاکی فیڈریشن اذلان شاہ کپ، دورہ یورپ اور چین کے دوران ڈیلی الائونس کی مد میں لاکھوں روپے سے اپنی جیب گرم کرچکے ہیں۔