گورنر خیبرپختونخوا کی پیر منور بادشاہ آف گھمکول شریف کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت

دین اسلام کی اشاعت ،پھیلاؤ میں مساجد ،درگاہوں کا کردار انتہائی اہم ہے، صوفیاء کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، فیصل کریم کنڈی

جمعرات 19 ستمبر 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2024ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دین اسلام کی اشاعت ،پھیلاؤ میں مساجد ،درگاہوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے،مساجد ،درگاہیں نہ صرف مذہبی تعلیمات کا مرکز بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کے فروغ کے مراکز بھی ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پیر منور بادشاہ اف گھمکول شریف کے ایصال ثواب کے لیے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب کی صدارت گھمکول شریف کے سجادہ نشین پیر حبیب اللہ شاہ نے کی جبکہ معروف روحانی شخصیت عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیرنقیب الرحمن ، پیر حسان حسیب الرحمان ، سوئیٹ ہوم کے روح رواں زمرد خان کے علاؤہ ملک بھی سے علماء مشائخ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر گھمکول شریف اور دیگر صوفیاء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دینِ اسلام کی اشاعت اور پھیلاؤ میں مساجد اور درگاہوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مساجد اور درگاہیں نہ صرف مذہبی تعلیمات کا مرکز ہیں بلکہ یہ معاشرتی ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کے فروغ کے مراکز بھی ہیں۔ صوفیاء کرام نے ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا اور قوم کو انتہا پسندی اور تفرقے سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوفیاء کی تعلیمات رواداری، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کا پیغام دیتی ہیں جو موجودہ حالات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے عوام میں اتحاد و یگانگت کا فروغ ضروری ہے، اور اس حوالے سے مساجد اور درگاہوں کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے بچ سکتے ہیں اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔تقریب میں نعتہ کلام بھی پیش کیا گیا اور پیرمنور باشاہ آف گھمکول شریف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کے لئے دعاء کی۔