ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی لوہاراں کا اچانک دورہ،سیکنڈ شفٹ سٹاف کی حاضری چیک کی

جمعرات 19 ستمبر 2024 21:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2024ء) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں کا اچانک دورہ، سیکنڈ شفٹ میں عملہ کی حاضری چیک کی اور مختلف وارڈز میں داخل زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کو ملنے والی طبی سہولیات کی بابت استفسار کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹر اور سٹاف کی ڈیوٹی پر 100 فیصدی حاضری اور شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات کے ساتھ ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہسپتال ایمرجنسی، فارمیسی، لیبارٹری اور آپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے جمعرات کو صبح 10 سے ساڑھے 11 بجے تک اپنے آفیس میں شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سمیت تمام سرکاری افسران صبح 10 سے ساڑھے 11 بجے تک اپنے دفاتر میں عوامی مسائل کی سماعت کیلئے موجود رہیں گے۔