غزہ: حالیہ جنگ میں بچوں کی ایک پوری نسل کو بربادی کا سامنا، یونیسف
یو این جمعہ 20 ستمبر 2024 03:15
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 ستمبر 2024ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنازع میں بچوں کی ایک پوری نسل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
امدادی اقدامات کے لیے یونیسف کے نائب ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیڈ چائیبان کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد غزہ اور مغربی کنارے کے بچوں کو تعلیم سے محرومی اور اذیت ناک تکالیف کا سامنا ہے۔
انہوں نے مغربی کنارے سے ویڈیو لنک کے ذریعے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بچوں کی زندگیوں کو تحفظ دینے کے لیے جنگ بندی کے علاوہ ضروری امداد کی فراہمی اور دو بچوں سمیت تمام یرغمالیوں کو غیرمشروط طور پر رہا کرنا ہو گا۔
(جاری ہے)
غذائی مدد کی فراہمی کا مطالبہ
انہوں نے بتایا کہ وہ حالیہ دنوں اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا دورہ کر کے آئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 7 اکتوبر کے حملوں سے متاثرہ اسرائیلی بچوں اور خاندانوں سے بھی ملاقاتیں کیں جنہوں نے انہیں کہا کہ وہ انہیں پیش آنے والی تکالیف سے دنیا کو آگاہ کریں۔
اس موقع پر انہوں نے اسرائیلی حکام سے غزہ میں امداد اور تجارتی اشیا بالخصوص تازہ اور غذائیت والی خوراک کی ترسیل میں اضافہ کرنے کو بھی کہا۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس دوران انہوں نے بچوں کو تحفظ دینے، ان کے لیے حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے، امدادی اہلکاروں کے لیے کام کے حوالے سے ضابطے کے طریقہ کار وضع کرنے اور بے سہارا بچوں کو نقل و حرکت میں سہولت دینے کے لیے بات ک
بچوں کی طبی ضروریات
ٹیڈ چائیبان نے بتایا کہ انہوں نے شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔
علاقے میں اب یہ واحد ہسپتال باقی رہ گیا ہے جہاں بچوں کے علاج کی خصوصی سہولیات کسی قدر دستیاب ہیں۔ وہاں انہوں نے چند ماہ کی ایک بچی کو دیکھا جو بم کا ٹکڑا لگنے سے زخمی ہوئی تھی۔ اس حملے میں صرف اس کی والدہ ہی زندہ بچ پائی۔ یہ بچی غزہ کے ان ہزاروں بچوں کی یاد دلاتی ہے جو گزشتہ 11 ماہ کے دوران ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے اس ہسپتال میں سرطان اور دیگر سنگین بیماریوں میں مبتلا بچے بھی دیکھے جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں فوری طور پر وہاں سے نکال کر بہتر علاج کی سہولت نہ دی گئی تو وہ بچ نہیں پائیں گے۔
اس معاملے میں یونیسف عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے ہرممکن کوششیں یقینی بنائے گا۔ناقابل بیان تکالیف
ٹیڈ چائیبان نے بتایا کہ غزہ میں ہزاروں خاندان انتہائی گنجان پناہ گاہوں میں مقیم ہیں جہاں انہیں ناقابل بیان تکالیف کا سامنا ہے۔ انہوں نے ایک سکول میں بنائی گئی پناہ گاہ کے دورے کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ لوگوں نے سکول کے صحن میں ایک گڑھا کھود رکھا تھا جس میں گندا پانی جمع ہوتا رہتا ہے۔
ایسے حالات میں رہنے والے لوگوں میں بیماریاں پھیلنے کا سنگین خطرہ موجود ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنوری میں غزہ میں روزانہ 100 ٹرک انسانی امداد لا رہے تھے جن کی تعداد اگست میں 50 تک رہ گئی تھی جو رواں مہینے مزید کم ہو کر 15 پر آ چکی ہے۔ نظم و نسق کا فقدان، سڑکوں پر نقل و حرکت میں رکاوٹیں اور غزہ کی جانب ضرورت کے مطابق سرحدی راستے کھلے نہ ہونا اس کی بنیادی وجوہات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی نہ ہونے کی صورت میں لڑائی کے دوران ایسے وقفے ضروری ہیں جیسے پولیو مہم میں دیکھنے کو ملے تھے۔ امدادی عملے کا تحفظ بہتر بنانے، فوجی چوکیوں پر جانچ پڑتال کا باضابطہ طریقہ کار وضع کرنے اور انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی رابطوں کی بھی اشد ضرورت ہے۔
مزید اہم خبریں
-
معروف اداکارہ صبا قمر پاکستان میں بچوں کے حقوق کی سفیر مقرر
-
یمن: یو این اور شراکت داروں کا اپنے زیر حراست اہلکاروں کی رہائی کا مطالبہ
-
لبنان: یونیفیل نے امن کاروں پر حملوں کی اسرائیل سے وضاحت طلب کر لی
-
ْنئے چیف جسٹس کی تعیناتی کااعلان موجودہ چیف جسٹس کی رخصتی کیساتھ ہی ہوجائیگا،عرفان صدیقی
-
چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان، دو ارب ڈالرز قرض سمیت مختلف معاہدوں کا امکان
-
پاکستان کے ساتھ ہمارے گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں، چینی سفیر
-
سمندری درجہ حرارت میں اضافے کی رفتار 2005ء کے بعد سے دگنی
-
نجی کالج میں سکیورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا
-
شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اضافہ، ٹینک غزہ سٹی کے پاس
-
آپ احتجاج سے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ پی ٹی آئی غلطیاں دہرانے کے بجائے اپنی اصلاح کرے، اسحاق ڈار
-
ہم کبھی آمروں اور ججز کی طرح من مانی سے قانون سازی یا آئین میں ترمیم نہیں کرتے، بلاول
-
ضلع کرم میں پھر فرقہ وارانہ تصادم، کم ازکم سولہ افراد ہلاک
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.