ٹریکٹر کی قیمتوں میں مقامی انڈسٹری کاشتکاروں کو رعایت فراہم کرے‘ سید عاشق حسین کرمانی

وزیر زراعت و لائیو سٹاک کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں ٹریکٹر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے نمائندوں سے ملاقات

منگل 1 اکتوبر 2024 23:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2024ء) حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کیلئے 30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔اس سے قبل کاشتکاروں کو ٹریکٹرز پر ا تنی بڑی سبسڈی فراہم نہیں کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خواہش ہے کہ ٹریکٹرز کی لوکل مینوفیکچرنگ انڈسٹری فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فی ٹریکٹر 10 سے 15 فیصد قیمت میں کاشتکاروں کو رعایت فراہم کرے۔

اس اقدام سے زرعی میکانائزیشن اور ٹریکٹر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور مقامی ٹریکٹر انڈسٹری پر کاشتکاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں منعقدہ ٹریکٹر انڈسٹری کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت 1 سے 50 ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان کو اپنی پسند کے مطابق 50 تا85 ہارس پاور کے ٹریکٹرز 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی پر فراہم کئے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ کسانوں کو ٹریکٹرز کی ڈلیوری تک کا تمام سسٹم میکنائزاڈ ہو گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن کے مطابق اس سکیم کو بڑے پیمانے پر لانچ کیا جارہا ہے۔ ٹریکٹر کی خرید کے سلسلے میں کاشتکار کو آپشن دیا جائیگا کہ وہ جس مرضی کمپنی کا ٹریکٹر خرید کرے۔ گرین ٹریکٹر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ٹریکٹر انڈسٹری کے نمائندوں کو واضح کیا کہ گرین ٹریکٹر کی تیاری کے وقت محکمہ زراعت پنجاب کی ایس او پیز کو مدنظر رکھنا لازم ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ اس سکیم سے نہ صرف کاشتکاروں بلکہ ٹریکٹر انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریکٹروں کی فراہمی درخواستوں کی وصولی اور قرعہ اندازی شفاف انداز میں منعقد کرائی جائے گی۔

ٹریکٹر انڈسٹری کو ڈلیوری کے لیے دی جانے والی ٹائم لائن کو لازماً فالو کرنا ہوگا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ملت ٹریکٹر راحیل اصغر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کو مقامی انڈسٹری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مقامی طور پر اس سکیم کو مکمل انڈسٹری کی جانب سے تعاون اور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ گرین ٹریکٹرز کی ڈلیوری فری اور وارنٹی کی مدت 1 سال سے بڑھائی جائے گی۔وفاقی حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس میں اضافہ کی صورت میں بھی گرین ٹریکٹرز کی طے شدہ قیمت نہیں بڑھائی جائے گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید کے علاوہ الغازی ٹریکٹر، براک،اورینٹ، پاک ٹریکٹرز کے سی ای اوز اور نمائندگان نے شرکت کی۔