موسمیاتی تبدیلی کے سرمائی کھیلوں پر اثرات بارے آگہی پھیلانے کا معاہدہ

یو این جمعہ 4 اکتوبر 2024 01:45

موسمیاتی تبدیلی کے سرمائی کھیلوں پر اثرات بارے آگہی پھیلانے کا معاہدہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 04 اکتوبر 2024ء) عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) اور انٹرنیشنل سکی اینڈ سنوبورڈ فیڈریشن (ایف آئی ایس) نے سرمائی کھیلوں اور سیاحت پر موسمیاتی تبدیلی کے نقصان دہ اثرات سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے شراکت قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دونوں ادارے برف پر بڑھتی عالمی حدت کے شدید اثرات کی جانب توجہ دلائیں گے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سائنس اور کھیل سے متعلق معلومات اور اطلاعات کا تبادلہ کرنے کے اقدامات کریں گے۔

Tweet URL

یہ شراکت رواں سال موسم سرما سے پہلے شروع ہو گی اور ابتداً پانچ برس تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انسانیت کو درپیش سنگین مسئلہ

'ڈبلیو ایم او' کی سیکرٹری جنرل سیلسٹ ساؤلو نے کہا ہےکہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث سرمائی کھیلوں اور سیاحت پر مرتب ہونے والے اثرات اس مسئلے کی چھوٹی سی علامت ہیں۔

پگھلتے گلیشیئروں، گھٹتی برفانی تہہ اور زیرزمین گھلتی برف کے باعث پہاڑی ماحولیاتی نظام، آبادیاں اور معیشتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور آنے والی صدیوں میں اس کے مقامی، قومی اور عالمی سطح پر سنگین اثرات ہوں گے۔

اسی بات کو دہراتے ہوئے 'ایف آئی ایس' کے صدر جان ایلیئیش نے کہا ہے کہ موسمیاتی بحران سرمائی کھیلوں کو درپیش موسمی مسئلے سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ انسانیت کو درپیش سنگین مسئلہ ہے تاہم کھیلوں پر اس کے اثرات پہلے ہی واضح ہیں۔

اس کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ 2023 اور 2024 کے درمیان فیڈریشن کو موسمیاتی مسائل کے باعث اپنے 616 میں سے 26 مقابلے منسوخ کرنا پڑے۔

اگر سائنس اور معروضی تجزیے کی بنیاد پر اس مسئلے سے نمٹنے کی ہرممکن کوشش نہ کی گئی تو یہ دنیا کی لاپروائی سمجھی جائے گی۔

گرم ہوتا موسم سرما

متعدد جائزوں سے ثابت ہوتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سرمائی کھیلوں اور سیاحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ سوئزرلینڈ میں لیے گئے ایسے ہی ایک سائنسی جائزے سے یہ سامنے آیا ہے کہ 1850 کے بعد گلیشیئر اپنا 60 فیصد حجم کھو چکے ہیں۔

ایک اور جائزے کے مطابق، موسم سرما کی شدت میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ سوئزرلینڈ میں موسمیاتی تبدیلی پر کی گئی تحقیق کے مطابق 2060 تک صفر ڈگری درجہ حرارت صرف 1,300 تا 1,500 میٹر بلندی پر ہی ملے گا اور نقطہ انجماد تقریباً 600 میٹر پر پہنچ جائے گا۔

'ڈبلیو ایم او' اور 'ایف آئی ایس' اپنی شراکت کے تحت 7 نومبر کو دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے سکی کے قومی اداروں کے لیے ایک ویبینار کا انعقاد کریں گے۔ اس میں کھیل پر عالمی حدت کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا اور صورتحال میں بہتری لانے کے اقدامات کی نشاندہی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :