امارات میں ملازمت کیلئے غیرملکیوں کے 4 طبی ٹیسٹ لازمی قرار

میڈیکل ٹیسٹوں میں ملازمت کے متلاشی غیرملکی کارکن کی عمومی صحت کی رپورٹ شامل ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 اکتوبر 2024 15:44

امارات میں ملازمت کیلئے غیرملکیوں کے 4 طبی ٹیسٹ لازمی قرار
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے لیے غیرملکیوں کے 4 طبی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیئے گئے۔ خلیجی اخبار االامارات الیوم کے مطابق ابوظبی میں میڈیکل ٹیسٹ سینٹر کے ڈائریکٹر آپریشنز کریگ ہالپین نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں عالمی معیارکو مدنظر رکھتے ہوئے 4 میٹیکل ٹیسٹ مقرر کیے گئے ہیں تاکہ یہاں پہلے سے مقیم افراد اور نئے آنے والوں کی عمومی صحت متاثر نہ ہو، جو چار میڈیکل ٹیسٹ لازمی قرار دیئے گئے ہیں ان میں سی بی سی، سینے کا الٹراساونڈ تا کہ پھیھپڑوں اور نظام تنفس کی جانچ کی جاسکے، اس کے علاوہ جوڑوں اور بلڈ پریشر وغیرہ کا معائنہ شامل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی لیبر مارکیٹ میں ملازمتوں کے بہت سے مواقع موجود ہیں اس لیے یہاں آنے والوں کی عمومی صحت کی جانچ قبل ازوقت ممکن بنائی جارہی ہے، ملازمت کے حصول کے لیے متحدہ عرب امارات آنے والوں کے لیے مرکزی میڈیکل ٹیسٹ سینٹر کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو اعلیٰ معیار کی حامل ہے، طبی مرکز کی لیبارٹری میں معیاری اور اعلیٰ مشینری دستیاب ہے جہاں ماہرین کی ٹیم بھی موجود ہے جو اپنے شعبوں میں تجربہ کار ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان سے وزٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات جانے والوں کو جنوبی ایشیائی ملک کی ایئر لائنز اور حکام اپنے شہریوں کو وزٹ ویزہ کی تمام ضروریات جیسا کہ رہائش کا ثبوت، نقد رقم اور کریڈٹ کارڈز کی صورت میں خاطر خواہ فنڈز اور واپسی کے ہوائی ٹکٹوں کی ضرورت کو پورا کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں کیوں کہ جو مسافر تمام ضروریات کو پورا نہیں کرتے انہیں بورڈنگ سے انکار کردیا جاتا ہے، اس لیے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اضافی منظوریوں کی پریشانی سے بچنے کے لیے ایک ہی ایئرلائن سے آمد اور واپسی کے ٹکٹ خریدیں۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے ہم وطنوں پر زور دیا کہ "وہ سیاحتی ویزے کی تمام شرائط کو پورا کریں اور سیاحتی ویزے پر یو اے ای میں ملازمتوں کی تلاش میں نہ جائیں، وزٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات آنے والے پاکستانیوں کے پاس واپسی کا ٹکٹ، 3000 درہم فنڈز اور ہوٹل میں رہائش ہونی چاہیئے، جب آپ سیاحتی ویزہ پر ہوتے ہیں تو آپ کو صرف سیاحت ہی کرنی چاہیے، امارات میں عجائب گھر، مساجد اور مال وغیرہ سمیت دیکھنے کے دیگر بھی بہت سارے مواقع موجود ہیں، جب آپ سیاحتی ویزہ پر ہوں تو نوکریاں تلاش کرنے کی کوشش نہ کریں، جو لوگ نوکریوں کی تلاش میں ہیں ان لوگوں کو ایمپلائمنٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات آنا چاہیے"۔