دارالحکومت ریاض میں پاکستان حج رضا کار گروپ کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد

irfan khatana عرفان کھٹانہ ہفتہ 2 اگست 2025 17:15

دارالحکومت ریاض میں پاکستان حج رضا کار گروپ کی جانب سے پروقار تقریب ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 اگست 2025ء) پاکستان حج رضا کار گروپ نے اپنی کارکردگی، خلوص اور نظم و ضبط کے ذریعے نہ صرف پاکستانی حجاج بلکہ دیگر ممالک کے حجاج کرام کی خدمت کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ سفارتخانہ پاکستان اس گروپ کے ساتھ آئندہ بھی مکمل تعاون جاری رکھے گا۔"
یہ بات سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے ریاض میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام پاکستان حج رضا کار گروپ نے کیا تھا۔


تقریب میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق، سفارتخانے کے افسران، کمیونٹی رہنما اور بڑی تعداد میں رضاکار شریک ہوئے۔ یہ تقریب حج 2025 کے دوران خدمات انجام دینے والے 500 سے زائد رضاکاروں کو اعزازی اسناد پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔ ان رضاکاروں نے ایامِ حج میں حجاج کرام کی خدمت اخلاص، تحمل اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دی۔

(جاری ہے)


پاکستان حج رضا کار گروپ سعودی عرب کے کوآرڈینیٹر اشرف خان اور ریاض ریجن کے کوآرڈینیٹر ابرار تنولی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گروپ گزشتہ 15 برسوں سے ایامِ حج کے دوران رضاکارانہ طور پر اللہ کے مہمانوں کی خدمت انجام دے رہا ہے۔

ہر سال سینکڑوں رضاکار دینِ اسلام کی تعلیمات اور سنتِ رسول ﷺ کی روشنی میں یہ نیک مشن جاری رکھتے ہیں، اور مستقبل میں بھی اسی جذبے سے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر سفیر احمد فاروق نے تمام مستحق رضاکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ان کے جذبے، محنت اور خلوص کو سراہا۔