روس کے اشتعال انگیز بیانات، ڈونلڈٹرمپ کا امریکی جوہری آبدوزوں کو پوزیشن سنبھالنے کا حکم

ہفتہ 2 اگست 2025 15:22

روس کے اشتعال انگیز بیانات، ڈونلڈٹرمپ  کا   امریکی جوہری آبدوزوں کو ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کے سابق صدر دمتری میدوی ایدف کے ’انتہائی اشتعال انگیز‘ بیانات کے جواب میں دو امریکی جوہری آبدوزوں کو مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنےکی ہدایات جاری کر دی ہیں۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انھوں نے یہ اقدام اس وجہ سے اُٹھایا ہے کیونکہ یہ احمقانہ اور اشتعال انگیز بیانات صرف الفاظ سے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ الفاظ بہت اہم ہوتے ہیں اور اکثر ان کے غیر ارادی نتائج بھی سامنے آتے ہیں۔ مجھے اُمید ہے کہ ایسا موقع نہیں آئے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ یہ اقدام اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تاہم یہ واضح نہیں تھا کہ امریکی صدر کی ہدایت کا جوہری آبدوزوں پر کیا اثر پڑے گا جو دنیا کے ’ہاٹ سپاٹس‘ میں معمول کے مطابق گشت پر رہتی ہیں تاہم یہ حکم روس کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کے تعلقات کے ایک نازک لمحے میں سامنے آیا ہے۔

واضح رہے جمعرات کی صبح ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میدوی ایدف روس کے ناکام سابق صدر ہیں۔ صدر ٹرمپ نے انہیں اپنی زبان پر قابو رکھنےکی بھی تنبیہہ کی تھی۔سابق روسی صدر دمتری میدوی ایدف نے گھنٹوں بعد جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ روس ہر معاملے پر ٹھیک ہے اور اپنے راستے پر چلتا رہے گا۔میدوی ایدف نے رواں ہفتے کے اوائل میں لکھا تھا کہ ہر نیا الٹی میٹم ایک خطرہ ہے اور جنگ کی طرف ایک قدم ہے۔