جو اساتذہ بنیظر انکم سپورٹ سے پیسے لیتے رہے ان کیخلاف سخت کاروائی ہو گی، فیصل ممتازراٹھور

وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا حویلی کہوٹہ میں ڈسٹرکٹ کمپلکس نیو بلڈنگ کا افتتاح

جمعہ 18 اکتوبر 2024 13:02

حویلی کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2024ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی، راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا جو اساتذہ بنیظر انکم سپورٹ سے پیسے لیتے رہے ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، اساتذہ معاشرے کا اہم جزو ہیں معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا بنیادی کردار ہے،ستر سال کے مسائل کو سات ماہ میں ٹھیک نہیں کیا جا سکتا،ہمیں اپنی روایات کو تبدیل کرنا ہو گا، تعلیمی اداروں کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیں گے، دستیاب وسائل کو بلاتحصص عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہے ہیں، وہ ان خیالات کا اظہار گرلز ڈگری کالج, ڈسٹرکٹ کمپلکس کے نیو بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیرھ سال کی حکومت میں بے شمار مشکلات کا سامنا کیا نئے ادارہ جات کی پر تحتیاں لگانے کی بجائے جو پہلے سے موجود ہیں ان کو ٹھیک کر رہے ہیں،سوشل میڈیا کے دور میں دنیا گلوبل ویلج بن چکی،مندہار فتح پور تاؤ بٹ بیٹھا ہوا نوجوان ساری دنیا سے آشنا ہے ہوائی اور فرضی اعلانات کا وقت گزر چکا ہے ۔

(جاری ہے)

ریاست اور ڈسٹرکٹ حویلی کے اندر بے پناہ مسائل ہیں،اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی بجائے میرٹ کی بالادستی کی بات ہونی چاہیے، ہمیں اپنے بچوں کو نئے طرز کی طرف راغب کرنا ہے،اساتذہ بچوں کی مثبت ذہن سازی کریں، تمام ادارے سڑکوں پر اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں لیکن اپنے بنیادی فرائض سے غافل ہیں،حکومتوں میں خامیاں اور خوبیاں دونوں ہوتی ہیں، لیکن موجودہ حکومت الفاظ سے زیادہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا وہ روایتی سیاستدانوں کی طرح جعلی ہوائی اعلانات پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ڈسٹرکٹ حویلی کہوٹہ میں تعمیر وترقی کے حوالے سے جو اقدامات اٹھانے کا ارادہ ہے وہ آپ کی سوچ سے بڑے ہیں ہماری منزل بچوں کا روشن مستقل اور ماڈل ضلع حویلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تولی پیر روڈ علاقے کی ''لائف لائن'' اور ''گیم چینجر'' منصوبہ ہے گزشتہ دو سال میں حویلی کہوٹہ میں دو ٹورازم فیسٹول کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی،نئے ٹورازم سپاٹ اور آپ کے رویوں اور مہمان نوازی کی وجہ سے ہزاروں سیاحوں نے حویلی کہوٹہ کا رخ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرلز ڈگری کالج کی تمام ضروریات کو پورا کر کے دیکھائیں گے ڈسٹرکٹ حویلی کہوٹہ کے تمام ادارہ جات کو ماڈل بنائیں گے۔ریاست کے لوگوں کو دنیا کی سب سے سستی بجلی اور آٹا مہیا کیا جا رہا ہے اور آزاد کشمیر بھر میں تعمیر و ترقی کے منصوبے جاری ہیں، جن کے ثمرات آئندہ دنوں میں واضح ہوں گے۔