تعلیم کے ساتھ تربیت پرخصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،شجاع الدین شیخ

جمعرات 24 اکتوبر 2024 16:45

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2024ء) تعلیم کے ساتھ تربیت پرخصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے نوجوان نسل سیرت مصطفیٰ صلی علیہ وسلم کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالیں۔ تعلیمی اداروں اور والدین کو ملکر بچوں کو اعلیٰ تربیت کے حصول میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار امیرِ تنظیمِ اسلامی پاکستان شجاع الدین شیخ نے بچوں کی تربیت کے حوالہ سے النور سکول انور آباد (سرگودھا) میں منعقدہ سیمینار میں موجود شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ آج کا طالبعلم صرف اور صرف ڈگری کے حصول میں لگا ہوا ہے جبکہ معاشرہ دن بدن گراوٹ کی طرف بڑھ رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں اس وقت بچوں کی تربیت اور اُنہیں دُنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک مثبت سوچ سے رُوشناس کروانے کے لیےان کی بہتر تربیت کے لیے بھر پور محنت کی ضرورت ہے، آج کے بچے کل کا پاکستان ہیں اور معاشرہ میں مثبت تبدیلی بہتر تربیت سے ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال بچوں میں اعلیٰ اخلاقیات پیدا کر سکتا ہے بچے کے لیے سب سے پہلی درسگاہ اس کا گھر ہے اس لیے والدین اپنے بچوں کو گھر میں اچھا ماحول دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اُساتذہ تدریسی عمل کے ساتھ بچوں میں اعلیٰ اخلاقیات بھی اُجاگر کریں تاکہ آنے والی نسل معاشرتی برائیوں سے بچ سکے۔ اس موقع پر چوہدری اسلم گل کا کہنا تھا کہ آج کل وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جنہوں نے محنت کو اپنا شعار بنایا، دُنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے ہمیں قرآن و سنت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو گزارنا ہو گا اور اپنے آباواجداد کے طرزِعمل کو اپنانا ہو گا۔

شرکاء تقریب سے چوہدری اکرم گل، عثمان اکرم اور دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار میں علاقہ بھر سے مرد اور خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔